کراچی کے علاقے صدر میں ایم اے جناح روڈ پر سینئر صحافی عامر لطیف پر حملہ ہوا جس کے باعث وہ ڈنڈے اور سریئے لگنے سے زخمی ہو گئے، واقعے کا مقدمہ درج کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق صدر میں ایم اے جناح روڈ پر ملزمان نے نجی نیوز ایجنسی کے بیورو چیف عامر لطیف پر حملہ کیا جس سے وہ زخمی ہو گئے۔
واقعے کے خلاف پریڈی تھانے میں عامر لطیف کی مدعیت میں اقدامِ قتل، ہنگامہ آرائی اور نقصان پہنچانے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں اظہر، اسلم، منیب اور دیگر 4 نامعلوم افراد کو شامل کیا گیا ہے۔
اظہر نامی ملزم کو لوگوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا ہے جبکہ دیگر مفرور ہیں۔
کراچی پریس کلب نے سینئر صحافی عامر لطیف پر حملے کی شدید مذمت کی ہے اور فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔