• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پکڑے گئے شخص نے چاقو نکالا تھا: مفتی تقی عثمانی

معروف عالمِ دین مفتی تقی عثمانی کا کہنا ہے آج صبح پکڑے گئے مشکوک شخص کی جیب میں چاقو تھا جو اس نے نکالا تھا۔

آج صبح مفتی تقی عثمانی کے قریب سے ایک مشکوک شخص کو چاقو سمیت گرفتار کیا گیا تھا، واقعے کے حوالے سے دارالعلوم کورنگی کراچی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مفتی تقی عثمانی خیریت سے ہیں۔

اس ضمن میں مفتی تقی عثمانی کا آڈیو بیان بھی سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ واقعہ فی جملہ درست ہے، فجر کے بعد ایک صاحب آئے تھے جنہوں نے علیحدگی میں بات کرنے کا کہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں اس شخص سے بات کرنے کے لیے اٹھا ہی تھا کہ اس شخص نے جیب میں موجود چاقو نکالا، جس پر میرے ساتھیوں نے اس شخص کو پکڑ لیا۔

مفتی تقی عثمانی کا مزید کہنا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ مجھے کوئی تکلیف نہیں پہنچی، میں خیریت سے ہوں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس واقعے کے حوالے سے متعلقہ ادارے تفتیش کر رہے ہیں، تفتیش کے بعد ہی صورتِ حال واضح ہو گی۔

دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چاقو سمیت پکڑے گئے 35 سالہ شخص کی شناخت عاصم لئیق کے نام سے ہوئی ہے، جس سے تفتیش جاری ہے۔

تازہ ترین