• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دارالحکومت میں کورونا وائرس کے کیسز میں روز بروز اضافہ


اسلام آباد میں کورونا وائرس کے کیسز روز بروز بڑھ رہے ہیں، وفاقی دارالحکومت میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 7 اعشاریہ 1 فیصد تک پہنچ گئی۔

محکمہ ضلعی صحت اسلام آباد کے مطابق گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس کے 1 ہزار 978 افراد کے ٹیسٹ کیئے گئے، جن میں سے 141 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔

اسلام آباد میں 83 ہزار 400 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، جبکہ اب تک یہاں کُل 782 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

ادھر کورونا وائرس کی جاری تیسری لہر کے دوران پاکستان کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 30 ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے، ملک میں کورونا کے کیسز میں ایک بار پھر اضافہ جاری ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 1 ہزار 737 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 27 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، مزید 774 کورونا مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 3 اعشاریہ 65 فیصد ہو گئی۔

ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے افراد کی مجموعی تعداد 22 ہزار 520 ہو گئی جبکہ کُل کورونا مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 69 ہزار 476 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 35 ہزار 573 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 1 ہزار 971 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ کُل 9 لاکھ 11 ہزار 383 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 47 ہزار 528 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 49 لاکھ 60 ہزار 221 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

پاکستان بھر میں اب تک کُل 1 کروڑ 82 لاکھ 28 ہزار 235 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔

تازہ ترین