• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عرفان خان کے بیٹے نے دلیپ کمار کا آٹوگراف شیئر کردیا

گزشتہ سال اس دُنیا سے کوچ کرجانے والے بالی ووڈ اداکار عرفان خان کے بڑے بیٹے بابیل خان نے دلیپ کمار کا آٹوگراف سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُنہیں بہت دُکھ ہے کہ وہ اداکار کے انتقال کے موقع پر ممبئی میں موجود نہیں تھے۔

بابیل خان نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر دلیپ کمار کی آٹو بائیوگرافی کی کاپی کی وہ تصویر شیئر کی جس پر اداکار کے دستخط یعنی آٹوگراف موجود ہے۔


عرفان خان کے بیٹے نے ماضی کی یہ حسین یاد سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے اپنی پوسٹ کو ایک طویل کیپشن دیا۔

اُنہوں نے لکھا کہ ’جب مجھے دلیپ کمار صاحب کے انتقال کی افسوسناک خبر ملی تو میں اُس وقت ممبئی سے باہر اپنے فارم پر موجود تھا جہاں نیٹ ورک کے کافی مسائل تھے۔‘

بابیل خان نے لکھا کہ ’مجھے بہت دُکھ ہوا کہ میں آخری بار اپنے والد کے آئیڈیل دلیپ صاحب کو دیکھ نہیں سکا لہٰذا میں نے فوراََ ممبئی آنے کی کوشش کی تاکہ سوشل میڈیا پر دلیپ صاحب کو خراجِ عقیدت پیش کرسکوں۔‘

اداکار کے بیٹے نے لکھا کہ ’یہ دلیپ صاحب کی آٹوبائیوگرافی کی ایک کاپی ہے جو اُنہوں نے ہمیں اپنے آٹوگراف کے ساتھ بطور تحفہ دی تھی اور میں نے آج تک یہ سنبھال کر رکھی ہے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’میرے والد دلیپ کمار صاحب سے بہت مُتاثر تھے اور اُنہوں نے اُن سے بہت کچھ سیکھا بھی ہے جبکہ میری جب بھی دلیپ صاحب سے ملاقات ہوئی تو اُنہوں نے ہمیشہ ایسے محبت دی کہ جیسے میں اُن کے گھر کا فرد ہوں۔‘

بابیل خان نے لکھا کہ ’میں الفاظ میں بیان نہیں کرسکتا ہوں کہ دلیپ صاحب میرے لیے کیا مقام رکھتے ہیں۔‘

عرفان خان کے بیٹے نے مزید لکھا کہ ’دلیپ صاحب نے فلمی دُنیا میں اپنا ایک اہم کردار ادا کیا ہے جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔‘

واضح رہے کہ تین روز قبل بالی ووڈ فلم نگری پر طویل عرصے تک راج کرنے والے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار 98 سال کی عُمر میں انتقال کر گئے۔

دلیپ کمار کے انتقال کی خبر اُن کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اُن کے ترجمان فیصل فاروقی کی جانب سے دی گئی۔

وہ گزشتہ کئی سال سے بیمار تھے جس کی وجہ سے اُنہیں اکثر معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا جاتا تھا۔

تازہ ترین