بالی ووڈ کے سینئر اداکار دھرمیندر نے اپنے جگری دوست اور لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کی یاد میں خود سے سوال کیا ہے کہ کیا وہ دلیپ کمار بن سکتے ہیں؟
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دھرمیندر نے دلیپ کمار کی یاد میں اپنا ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں شاعرانہ انداز میں گفتگو کرتے نظر آرہے ہیں۔
دھرمیندر نے اپنے ویڈیو پیغام میں کچھ یوں کہا کہ ’نوکری کرتا، سائیکل پر جاتا، فلمی پوسٹرز میں اپنی جھلک دیکھتا، راتوں کو جاگتا، بُرے خواب دیکھتا اور پھر صبح اُٹھ کر آئینہ سے پوچھتا کہ کیا میں دلیپ کمار بن سکتا ہوں؟‘
بالی ووڈ اداکار نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’دوستو! دلیپ کمار صاحب کی رخصتی پر ہم سب کے جذبات ایک جیسے ہیں۔‘
اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’وہ عظیم فنکار اور وہ نیک روح تو اس دُنیا سے چلی گئی لیکن اُن کی یادیں کبھی نہیں جائیں گی۔‘
واضح رہے کہ دو روز قبل بالی ووڈ فلم نگری پر طویل عرصے تک راج کرنے والے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار 98 سال کی عُمر میں انتقال کر گئے۔
دلیپ کمار کے انتقال کی خبر اُن کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اُن کے ترجمان فیصل فاروقی کی جانب سے دی گئی۔
وہ گزشتہ کئی سال سے بیمار تھے جس کی وجہ سے اُنہیں اکثر معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا جاتا تھا۔