• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کمزور انگلینڈ دوسرے ون ڈے میں بھی کامیاب، سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری

کورونا وائرس کے باعث مشکلات کی شکار اور نئے کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں اترنے والی انگلینڈ کی ٹیم نے دوسرے ون ڈے میں بھی پاکستان کو شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرلی۔ 

لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے اس میچ میں انگلینڈ کی ٹیم میچ میں مکمل حاوی دکھائی دی، اور مہمان ٹیم کو کھل کر کھیلنے نہ دیا اور 52 رنز سے فتح اپنے نام کی۔ 

دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ابتدا میں ہی انگلینڈ کی ٹیم 2 قیمتی وکٹوں سے محروم ہوگئی تھی، تاہم فل سالٹ کے 60 اور جیمز وینس کے 56 رنز کی بدولت ہوم ٹیم نے اپنا خسارہ کم کیا۔

ایک جانب پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی وکٹیں لیتے رہے تو دوسری جانب انگلش بلے بازوں کی جانب سے اپنی ٹیم کے لیے رنز بنا کر حصہ ڈالنے کا سلسلہ جاری رہا۔

لوئر مڈل آرڈر بیٹسمین لوئس گریگوری کے 40 اور بائڈن کارس کے 31 رنز کی مدد سے انگلینڈ کی ٹیم 247 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی اور آل آؤٹ ہوگئی۔

حسن علی اسٹار بولر رہے جنھوں نے 51 رنز دے کر 5 حریف کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ان کے علاوہ حارث رؤف دو جبکہ شاہین آفریدی، شاداب خان اور سعود شکیل ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹسمین کمزور انگلینڈ کے سامنے اپنی صلاحتیوں کے مطابق کھیل نہ پیش کرسکے۔ 

پاکستان کی جانب سے صرف سعود شکیل نے قابلِ ذکر کارکردگی دکھائی اور ٹیم کو جیت کے قریب لانے کی کوشش کی، انہوں نے 56 رنز کی باری کھیلی۔

حسن علی نے 3 بلند و بالا چھکوں کی مدد سے 31 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ 

بابر اعظم اور صہیب مقصود 19، 19 اور شاداب خان کے 21 رنز بنا کر دیگر نمایاں بیٹسمین رہے۔ 

پاکستان کی پوری ٹیم 195 رنز پر آؤٹ ہوگئی جس کے ساتھ ہی انگلینڈ نے 3 میچوں کی سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرلی۔

تازہ ترین