وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے کپڑے اور گاڑیاں بھی چوری کی ہیں لہٰذا ان کی گاڑیوں پر پھول نچھاور کرنے والوں کو بھی سوچنا چاہیے۔
جیو نیوز کے دفتر میں گفتگو کرتے ہوئے اعظم سواتی نے کہا کہ ڈڈیال، چکسواری اور میرپور سے پی ٹی آئی کامیابی حاصل کرے گی۔
اعظم سواتی نے کہا کہ ہم مسئلہ کشمیر کے حل اور خطے کا احساس محرومی ختم کرنے کے لیے اہم کردار ادا کریں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ مودی کو گھر بلوانے والوں نے مسئلہ کشمیر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا لہٰذا آزاد کشمیر کی سیاست میں مریم اور بلاول کی کوئی گنجائش نہیں۔
وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے یہ بھی کہا کہ لوڈشیڈنگ آزاد کشمیر کے لوگوں کے ساتھ زیادتی ہے۔
اعظم سواتی کا مزید کہنا تھا کہ منگلا ڈیم کے قیام اور توسیع پروجیکٹ کے لیے اہلیان میرپور کی لازوال قربانیاں ہیں۔