اسلام آباد (نمائندہ جنگ) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سنٹر کے وفاقی وزیر اسد عمرنے 50سال سے زائد عمر کے لوگو ں کی کورونا ویکسی نیشن کی شرح پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 50سال اور اس سے زیادہ عمر کے لوگوں کو کورونا سے زیادہ خطرہ ہے، پاکستان میں 50 سال سے زائد عمر لوگوں کی تعداد 2کروڑ72لاکھ ہے ،جن میں سےاب تک صرف ساڑھے20فیصد لوگو ں کو ویکیسین لگائی گئی ہے ،ابھی تک50 سال سے زائد صرف 50 لاکھ لوگو ں نے ویکیسن لگوائی ہے مگر ضرورت اس امر کی ہےکہ ان لوگوں کو ویکسین لگوانے میں حوصلہ افزائی کی جا ئے ،قومی ادارہ صحت کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ کورونا وائرس کی’’ ڈیلٹا ‘‘قسم پاکستان میں تیزی سے پھیل رہی ہے، بھارت میں شروع ہونے والے ڈیلٹا ویریئنٹس میں تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت ہے، اس ویریئنٹ کی خطرناک بات یہ ہے کہ اس میں پہلی اقسام کی نسبت زیادہ شدید بیماری جنم لیتی ہے، جو زیادہ عمر کے لوگوں کیلئے زیادہ خطر ناک ہے ،قومی ادارہ صحت کی ٹیمیں ایئر پورٹس پر بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی سکرینگ کر رہی ہے جن کا ٹیسٹ مثبت پایا جا تا ہے انہیں قرنطینہ کیا جا رہا ہے۔