برمنگھم (پ ر)پاک سرزمین پارٹی برطانیہ کے صدرچوہدری محمد الطاف شاہد نے کہا ہے کہ سکھر میں مگر مچھ کابچی کوہڑپ کرجانا قومی المیہ ہے، پیپلز پارٹی کے پارلیمنٹرین خورشید شاہ کے حلقہ میں پینے کے صاف پانی کابدترین بحران مقامی شہریوں کیلئے امتحان ہے،لاہور میں آوارہ کتے کے کاٹنےسے معصوم بچے کی موت حکمرانوں پرطمانچہ ہے ،تحریک انصاف کی حکومت اپنے انتخابی وعدے وفاکرتے ہوئے سائلین کی انصاف تک رسائی سہل اوریقینی بنائے۔ چوہدری محمد الطاف شاہدنے کہا کہ ہرسطح پرانصاف کی فراوانی اورقانون کی حکمرانی کیلئے دوررس اصلاحات کی اشد ضرورت ہے،اگرحکمرانوں کے پاس وقت اوربصیرت نہیں توہمارے قائد سیّد مصطفی کمال کوتحریری درخواست کریں وہ انہیں تعمیری تجاویزسے بھرپور مسودہ تیار کردیں گے۔حکمران اصلاحات کی نیت اورارادہ توکریں،یقینا پائیدارراستہ بھی نکل آئے گا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کواقتدارمیں آئے تین سال ہوگئے ہیں لیکن ہنوز انصاف کانظام انتہائی پیچیدہ اورمہنگا ہے ، زیادہ ترملزمان تو محض چند سیکنڈ یاگھنٹوں میں اپنی مجرمانہ سرگرمیوں کوپایہ تکمیل تک پہنچاکر فرارہونے میں کامیاب ہوجاتے ہیں جب کہ بے چارہ مدعی انصاف کیلئے مسلسل کئی سال تک ایڑیاں رگڑتا رہتاہے لیکن پھر بھی انصاف اچھی قسمت یاپھراچھی قیمت سے ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کواپنے بنیادی حقوق بارے شعورنہیں ،عوام کوان کے بنیادی حقوق اورفرائض سے آگاہ کرنے کیلئے تعلیمی نصاب اورسوشل میڈیا سے مددلی جائے۔