اسلام آباد(اے پی پی)وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مریم نواز کے اندر 14اگست کو یوم آزادی کے موقع پردھرنا دینے کی خواہش تڑپ رہی ہے‘ انہو ں نے دھرنا دینا ہو تو دیں لیکن پتہ چلا ہے کہ وہ سندھ جارہی ہیں ۔ شہبا ز شریف سمیت کسی رہنما کی طرف سے ای سی ایل سے نام نکلوانے کی درخواست موصول نہیں ہوئی۔ آزاد کشمیر کے انتخابات میں تحریک انصاف کامیابی حاصل کرے گی اور حکومت بنائے گی، اپوزیشن نے پہلے ہی شور مچانا شروع کر دیا ہے ، سابق فاٹا کے علاقوں میں تھری جی ، فور جی کھولنے جا رہے ہیں، این سی او سی کی ہدایت پر راولپنڈی اسلام آباد کے علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈائون کیا جا رہا ہے۔ پیر کو یہاں وزارت داخلہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ مریم نواز اور بلاول نے دھاندلی کاشور ڈالنا شروع کر دیا ہے۔ کشمیر میں پی ٹی آئی کی حکومت کاقیام خطے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم عمران خان ہی اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرائیں گے۔نادرا کراچی میں جعلی شناختی کارڈز بنانے میں ملوث 39 ملازمین کو معطل کر دیا گیا ہے۔