کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہےکہ خوف کے باعث بیورو کریسی کام نہیں کررہی،نیب قوانین بدلنا ہونگے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کتابوں پر پابندیوں جیسے واقعات تشویشناک ہیں، وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہاکہ اب ماہانہ درآمدات ساڑھے 5سے 6ارب ڈالرز کے درمیان رہیں گی۔
کرنٹ اکاونٹ سرپلس میں نہیں، خسارے میں رہے گا، مگر ہم اسے سنبھال سکتے ہیں،ہم نے ملک میں بیرونی سرمایہ کاری لانے کے لیے بہتر مارکیٹنگ نہیں کی، ہمیں چینی کمپنیوں کو پاکستان میں لانا ہے، نیب کے قانون میں ترمیم لارہے ہیں۔
وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ ملالہ کی تصویر کی وجہ سے کتاب پر پابندی جیسے فیصلوں سے ہم اگلی نسل کو ذہنی طور پر معذور کردیں گے۔ پنجاب میں وہ لوگ بچوں کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے جنہوں نے خود کبھی ایک کتاب بھی نہیں پڑھی۔ پہلے بھی پنجاب ٹیکسٹ بورڈ عجیب و غریب فیصلے کرتا رہا ہے۔
حکومتوں کو اس طرح کے مسئلوں پر جھکنا نہیں چاہیے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ پچھلے دو ہفتوں کے دوران کورونا کیسوں میں اضافہ تشویشناک ہے، اعداد و شمار بتارہے ہیں کہ کورونا وائرس دوبارہ پھیل رہا ہے، کورونا ویکسین لگوانے کے بعد بھی احتیاط جاری رکھنی چاہئے، ابتدائی جائزوں کے مطابق ویکسین کے نتائج کافی اچھے آرہے ہیں۔
وزیرخزانہ شوکت ترین نے کہا کہ مشینری کی درآمد اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے امپورٹ بل اوپر جارہا ہے، ہم نے گروتھ دکھائی تو امپورٹ بل پانچ چھ بلین ڈالرز کے درمیان رہے گا، میرا نہیں خیال کہ کرنٹ اکاؤنٹ اگلے سال بھی سرپلس رہے گا، کرنٹ اکاؤنٹ اتنے خسارے میں جائے گا جسے ہم سنبھال سکیں گے۔
آرڈی اے ابھی زیادہ متحدہ عرب امارات سے آیا ہے، گلف ممالک ، یورپ اور امریکا میں آر ڈی اے کی مارکیٹنگ کریں گے، براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری سے متعلق بھی جے سی سی کی میٹنگ ہورہی ہے جبکہ چین کا منصوبہ سی پیک بھی فعال ہوگا۔
شوکت ترین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں کمی کی وجہ مارکیٹنگ ٹھیک نہ ہونا ہے، اس وقت ہمارے پاس سب سے بڑا موقع چائنا ہے، چین نے ہمیں پیسے دیئے ہم نے اسپیشل اکنامک زون بنائے، چین کی کمپنیاں ویت نام، کمبوڈیا، میانمار میں ری لوکیٹ ہورہی ہیں ہمیں انہیں پاکستان لانا ہوگا، ہماری بی او آئی کی مارکیٹ نے ایوریج سے بھی کم کام کیا ہے، سی پیک اتھارٹی کو بھی اس طرح ری ویمپ کرنے کی ضرورت ہے مارکیٹنگ کے لوگ لائیں۔
شوکت ترین نے کہا کہ دیگر ممالک بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں ، پاکستان کو انویسٹمنٹ حب بنانے کے لئے بہتر مارکیٹنگ کی ضرورت ہے، اس سال بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کریں گے، عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا تو قیمتیں بڑھانا پڑیں گی۔
کھانے پینے کی اشیاء کی مہنگائی کی بڑی وجہ باہر سے ان اشیاء کی درآمد ہے، عالمی مارکیٹ میں کھانے پینے کی اشیاء بہت زیادہ سطح پر ہیں امید ہے اب کمی آنا شروع ہوگی، فی الحال پٹرولیم لیوی میں اضافہ نہیں کریں گے، اوپیک ممالک میں پرائس وار شروع ہوگئی ہے اس کا فائدہ اٹھائیں گے۔
شوکت ترین کا کہنا تھا کہ ٹیکس وصولی کیلئے آؤٹ آف دا باکس چیزیں لے کر آئیں گے، امید ہے ٹیکس دہندگان آگے بڑھ کر اپنی ذمہ داری پوری کریں گے، انشاء اللہ 5.8ٹریلین ٹیکس وصولی کا ٹارگٹ حاصل کرلیں گے، گندم کی قیمتیں بڑھنے کا رسک نہیں لے سکتے اسی لئے درآمد بھی کررہے ہیں۔
میں چاہتا ہوں خوراک کے اسٹریٹجک ذخائر بنانا شروع کریں، اگلے چند برسوں میں گندم کے ذخائر 5ملین ٹن تک لے جانا چاہتا ہوں۔ شوکت ترین نے کہا کہ قطر سے گیس پہلے برینٹ کے 13.7فیصد پر آئی اب برینٹ کے 10.4فیصد پر گیس لی گئی ۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ انسداد دہشتگردی کی جن دفعات کے تحت ٹی ایل پی پر پابندی لگائی گئی اس میں شخصیات پر پابندی لگائی گئی ہے، ٹی ایل پی کی قیادت پر جس طرح کے کرمنل الزامات ہیں تنظیم کا نام بدلنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، ٹی ایل پی نے سڑکوں پر آکر ریاست کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی تو اس کا بھرپو جواب دیا گیا۔
ماضی میں ریاست نے بہت چھوٹے مفادات کیلئے اپنی پوزیشن پر سمجھوتہ کیا، یہ خیال نہیں کیا گیا کہ گروہ ریاست سے زیادہ مضبوط ہوجائیں تو ملک نہیں چل سکتا،ریاست کے بنیادی اصولوں کو دوبارہ بحال کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔
آئندہ بھی ان اصولوں سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ہوں گے، ہر سیاسی جماعت میں قدامت پرست سوچ رکھنے والے لوگ ہوتے ہیں ۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ٹیکسٹ بک سے ملالہ کی تصویر کو ہٹایا جانا ایک سیاسی جماعت کا مسئلہ نہیں بلکہ معاشرے میں تقسیم کا عکاس ہے۔
ری پروڈکشن کا چیپٹر ہی ٹیکسٹ بک سے نکال دیا گیا اس طرح ہم اپنی اگلی نسل کو ذہنی طور پر معذور کردیں گے، ایسے فیصلوں سے پاکستان کے اندر ماحول مزید قدامت پسند ہوجائے گا، نصاب پر توجہ نہیں دی تو پاکستان میں پہلے سے موجود شدت پسندی مزید بڑھ جائے گی۔