کراچی (اسٹاف رپورٹر) دھابیجی پر بریک ڈائون، 3روز سے پانی بند،کراچی کے شہری بوند بوند ترس گئے،بلا تعطل ترسیل کیلئے مزید 72گھنٹے درکار،4بار بجلی بندش سے 72انچ قطر کی 3پائپ لائنیں پھٹ گئیں، 21پمپس بند، شہر کو177ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا ہے۔
واٹر بورڈ کے چیف انجینئر (ای اینڈ ایم) انتخاب احمد راجپوت کا کہنا ہے کہ دھابے جی پمپنگ اسٹیشن پر 10سے 12 جولائی کے دوران کے الیکٹرک کے سسٹم میں 4بڑے بریک ڈاؤن ہوئے، بجلی کی فراہمی اچانک معطل ہونے سے کراچی کو پانی فراہم کرنے والی 72 انچ قطر کی 3پائپ لائنیں پھٹ گئیں، تمام 21 واٹر پمپس رک گئے اور شہر کو روزانہ کی بنیاد پر 177 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے بتایا کہ پہلا بریک ڈاؤن 10 جولائی کی رات 2 بج کر35 منٹ پر، دوسرا 11 جولائی کی رات 2 بج کر 45 منٹ پر، تیسرا 12 جولائی کو صبح 5 بج کر 50 منٹ اور چوتھا صبح 9 بج کر 55 منٹ پر ہوا، پانی کے واپس آئے دباؤ کے نتیجے میں 3 لائنیں پھٹ گئیں
اب شہر کو پانی کی بلاتعطل فراہمی کے لیے 72 گھنٹے کا وقت درکار ہے، واٹر بورڈ کی ٹیمیں بن قاسم ٹاؤن، لانڈھی ٹاؤن، ملیر ٹاؤن، کورنگی ٹاؤن اور اطراف کے علاقوں کو پانی فراہم کرنے والی 72 انچ کی لائن کے مرمتی کام میں مصرف ہیں، جب کہ پھٹنے والی دیگر 2لائنوں کی مرمت کا کام اتوار کی رات مکمل کیا جاچکا تھا، تاہم منگل کی صبح دھابے جی پمپنگ اسٹیشن پر ایک بار پھر بجلی کے بریک ڈاؤن کے سبب یہ لائنیں دوبارہ پھٹ گئیں۔