• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی سرحد سے متصل اسپین بولدک پر طالبان کا حملہ


پاکستانی سرحد سے متصل افغان ضلع اسپین بولدک پر قبضہ کرنے کے لیے طالبان نے حملہ کر دیا ہے۔

ترجمان افغان طالبان کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے مابین مرکزی گزرگاہ کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے، طالبان نے 20 سال بعد افغانستان کی جانب سے بابِ دوستی کا کنٹرول دوبارہ حاصل کیا ہے۔

افغان طالبان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ افغانستان کی جانب بابِ دوستی پر طالبان نے افغانستان کا قومی پرچم اتار کر طالبان امارتِ اسلامی کا سفید پرچم لہرا دیا ہے۔

طالبان کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ افغانستان میں چمن قندھار شاہراہ پر طالبان کا کنٹرول ہے اور آمد و رفت معطل ہے، شہری اور تاجر آج بابِ دوستی کی جانب نہ آئیں۔

دوسری جانب پاکستانی لیویز حکام نے بتایا ہےکہ پاکستان کی جانب سے بھی بابِ دوستی ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے اور تجارت معطل ہے۔

لیویز حکام کے مطابق بابِ دوستی پر اضافی سیکیورٹی تعینات کردی گئی ہے، پاک افغان بارڈر پر ہائی الرٹ ہے۔

لیویز حکام نے بتایا کہ بابِ دوستی گیٹ سے آمد و رفت اور تجارت کی بحالی کیلئے طالبان کی مقامی قیادت سے رابطے میں ہیں۔

پاکستانی لیویز حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ چمن سے متصل افغانستان کی تمام سرحدی چوکیوں پر طالبان کا قبضہ ہے، پاک افغان بارڈر پر غیر یقینی صورتِ حال ہے۔

تازہ ترین