قومی احتساب بیورو (نیب) نے وزیرخزانہ کے"نیب کی وجہ سے بیوروکریسی کام نہیں کررہی" سے متعلق بیان کی تردید کردی۔
نیب اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نیب کے اس وقت 1273 ریفرنسز احتساب عدالتوں میں زیر سماعت ہیں، ان ریفرنسز کی مالیت تقریباً 1300 ارب روپے ہے، ان میں سے بیوروکریسی کے خلاف مقدمات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ تواتر کے ساتھ نیب کے خلاف پروپیگنڈہ کیاجارہا ہے، جس کا مقصد نیب پر الزام تراشی اور بیوروکریسی کی حوصلہ شکنی کرنا مقصود ہے۔
نیب کا کہنا ہے کہ بیوروکریسی کسی بھی ملک کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، نیب بیوروکریسی کا احترام کرتا ہے، ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، چئیرمین نیب جاوید اقبال بیوروکریسی کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ نیب دنیا کا واحد ادارہ ہے جس کےساتھ چین نے انسداد بدعنوانی کے لیے ایم او یو پر دستخط کیے، بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے، بدعنوانی کا خاتمہ آج پورے ملک کی آواز بن چکا ہے۔
نیب نے کہا کہ بیوروکریسی اگر آئین کے مطابق کام کرتی ہے تو اسے نیب سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔