• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ محمود کی چینی ہم منصب سے ملاقات‘داسو حادثے پر اظہار تعزیت

اسلام آباد(اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بدھ کو دوشنبے میں ایس سی او وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کے موقع پر چین کے اسٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ وینگ ای سے ملاقات کی۔شاہ محمود قریشی نے چینی ہم منصب سے کوہستان کے علاقے داسو میں ڈیم منصوبے کے قریب پیش آنے والے بس حادثے اور چینی شہریوں کے جانی نقصان پر اظہار تعزیت کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور چین ʼآئرن برادرز ہیں، ʼسدا بہار اسٹرٹیجک کوآپریٹو شراکت داری کے عظیم بندھن میں بندھے ہیں ۔چین اور پاکستان کے تعلقات خطے اور دنیا میں امن، استحکام اور خوش حالی کی بنیاد ہیں،سی پیک دونوں ممالک کے لئے تبدیلی کا مظہر منصوبہ ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ افغان تنازعہ کا سیاسی حل ناگزیر ہے۔شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق چینی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا اور کہا کہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کے لئے تنازعہ جموں وکشمیر کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ناگزیر ہے۔

تازہ ترین