اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیر اعظم عمران خان ازبک صدر شوکت مرزیوف کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر آج جمعرات کو ازبکستان روانہ ہو نگے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت کابینہ کے دیگر ارکان پر مشتمل اعلیٰ سطح کا وفد بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہوگا۔اس موقع پر پاکستان کے اہم کاروباری افراد پر مشتمل گروپ بھی ازبکستان کا دورہ کریگا۔وزیر اعظم عمران خان اور ازبک صدر شوکت مرزیوف کے درمیان ملاقات کے دوران تجارتی و اقتصادی تعاون اور رابطوں اور علاقائی و بین الاقوامی دلچسپی کے معاملات سمیت دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کو زیر بحث لایا جائیگا۔