باغ،دھیر کوٹ (نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں ) وفاقی وزیر مواصلات مرادسعید نے کہاہے کہ آزاد کشمیر میں حکومت تمہاری ہے ، دھاندلی کون کررہا ہے، جن کو کبھی شکست نہیں ہوئی اس بارپی ٹی آئی کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہوں گے اور تحریک انصاف کی حکومت قائم ہوگی، وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت اپنے پانچ سالہ دور اقتدار میں اگر عوام کے مسائل حل نہیں کر سکی تو اس میں ہمارا کیا قصور ہے یہ ان کی نااہلی ہے۔ ہاڑی گل میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مراد سعید نے مزید کہا نواز شریف مقبوضہ کشمیر کے عوام سے مخلص ہوتے تو کشمیریوں کے قاتل مودی کو شادی میں لاہور نہ بلاتے،علی امین گنڈا پور نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر کے عوام اور بالخصوص وسطی باغ کے عوام خوش قسمت ہیں کہ انہیں ایک ایسا نمائندہ ملا ہے جو کھانے والا نہیں بلکہ لگانے والا ہے،گلگت بلتستان کی طرح آزادکشمیر کو بھی اربوں روپے کا ترقیاتی پیکج دینگے ۔