وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور سربراہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) اسد عمر کا کہنا ہے کہ اسپتالوں اور آئی سی یو میں کورونا مریضوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔
سربراہ این سی او سی اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ کورونا وائرس کی بھارتی قسم خطے میں تباہی کا باعث بن رہی ہے، کورونا کے تشویشناک مریضوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا ایس او پیز پر عمل کریں اور ویکسی نیشن کرائیں، اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو خطرات میں نہ ڈالیں۔
دوسری جانب سندھ میں کورونا پھر سر اٹھانے لگا جس کے بعد پابندیاں اور بندشیں بھی دوبارہ لگادی گئی ہیں، صوبے میں ریسٹورنٹس کے اندر کھانا بند، پبلک ٹرانسپورٹ پچاس فیصد مسافروں کے ساتھ چلے گی، سنیما ہالز بھی کھلنے سے پہلے ہی بند کردیئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا کیسز کے پھیلاؤ میں مزید اضافہ ہوا ہے اور مثبت کیسز کی شرح 5 فیصد سے اوپر چلی گئی ہے۔
این سی اوسی کے مطابق 24 گھنٹے میں کوروناکے 2 ہزار545 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ، جبکہ 14 جولائی کو 48 ہزار 910 ٹیسٹ کیے گئے اور وبا سے مزید 47 افراد انتقال کرگئے ہیں۔