کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں جمعرات کی شب ہوئی بارش سے کئی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا،جبکہ کئی سڑکیں بھی زیر آ ب آ گئیں، جس کے نتیجے میں ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی،بعض اہم شاہراہوں پر ٹریفک جام نظر آیا ، کئی موٹر سائیکلیں پھسلنے سے سوار زخمی ہوگئے، جبکہ کرنٹ لگنے اور نالہ میں گرنے سے تین افراد جاں بحق ہوگئے،بارش کے ساتھ ہی نشتر روڈ، گارڈن ایسٹ، لسبیلہ، نارتھ ناظم آباد، لیاقت آ باد،سرجانی ٹائون، لانڈھی، کورنگی اور ملیر سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرناپڑا، شہر کی اہم سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے متعدد گاڑیا ں بھی بند ہوگئیں اور لوگ مدد کے منتظر آ ئے، جب کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں کمی سے لوگوں مسافروں خصوصاً خواتین کو اپنی منزل تک پہنچنے میں سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، دوسری جانب کچھ منچلے شہر کی سڑکوں پر موٹر سائیکلیں بھی دوڑاتے نظر آ ئے، جنہوں نے بند ہوئی گاڑیوں کو دھکے لگائے اور اس کے لئے پیسے وصول کئے۔متعدد موٹر سائیکل سواروں نے بارش کے دوران پلوں اور پیڈسٹرین برجز کے نیچے عارضی پناہ حاصل کی۔علاوہ ازیں اورنگی ٹائون نمبر چار نزد پوسٹ آفس کے قریب نالہ عبور کرنے کی کوشش میں 50 سالہ شخص نالے میں جاگرا، برسات کے باعث نالے میں پانی کا بہائو بہت زیادہ تھا، ریسکیو ٹیم نے مذکورہ شخص کی لاش کو نالے سے نکال کر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا ، پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت 50سالہ آغا جعفر امیر ولد حاجی کفتان کے نام سے ہوئی ہے۔لطیف تھانے کی حدود بھینس کالونی جوگی موڑ کے قریب گھر میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت 25 سالہ مولیہ ولد بھولا کے نام سے ہوئی ۔ بلدیہ ٹائون پاور ہائوس گلی نمبر 14گھر میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ،سول اسپتال میں متوفی کی شناخت45 سالہ زبیر ولد رحیم کے نام سے ہوئی۔