ملتان(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کےمرکزی رہنماشاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ وزیراعظم سمیت کوئی بھی شخص قانون سے بالاترنہیں۔کرپشن مٹاؤ ملک بچاؤ کی تحریک استحکام پاکستان کی علامت ہے بلوچستان میں محافظ نے ہی عوام کے خزانے پرہاتھ صاف کردیاہے،ایکشن لیناچاہئے،کرپشن نے ملک کی جڑوں کوکھوکھلا کردیا ہے۔پاناما لیکس میں جوبھی ملوث ہے اس کے خلاف غیر جانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہئے۔ہائیکورٹ و ڈسٹرکٹ بارز میں وکلاء سے خطاب اورصحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاناماپیپرزمیں جس کانام آیاہے ان کے حقائق کاپوری قوم کوعلم ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ وکلاء ملک میں جمہوریت کی علامت ہیں ، وکلاء نے آمرانہ دورمیں حق کی آوازبلندکی اور آمریت کامقابلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کےبیانات سے یہ بات سامنے آرہی ہے کہ اپوزیشن کے بھجوائے گئے ٹی اوآرز پروہ بات چیت کیلئے تیار ہیں،بعض حکومتی وزرا نے اپوزیشن کے ٹی او آرزکوبد نیتی پرمبنی قراردیا، افسوس کہ انہوں نے ٹی اوآرز پڑھے بغیر ہی اس پر تبصرہ کردیا،جمہوریت تو نام ہی شفافیت کا ہے یہاں تو عوام کے خزانے کا محافظ بلوچستان کے سیکرٹری خزانہ نے اپنے ذاتی گھر میں عوام کاخزانہ دبالیاتھا۔وقت آگیاہےکہ کرپشن کوملک سے باہرنکال دیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدرہائیکورٹ بار جمشید حیات نے کہا کہ ٹی اوآرز کی کاپی موصول ہوگئی ہے مطالعے کے بعدپی ٹی آئی قیادت کوآگاہ کردینگے،ملک میں کرپشن کے میگاسکینڈلز کا آنا جمہوری حکومتوں کی کارکردگی پرسوالیہ نشان ہے ۔ صدر ڈسٹرکٹ بارعظیم الحق پیرزادہ نے کہا کہ منی لانڈرنگ کے ذریعے ملک کی لوٹی ہوئی دولت کوواپس لانے کا وقت آگیا ہے اگر ملک کو بیدردی اوربے رحمی سے نہ لوٹا گیا ہوتا تو آج ہمارا ملک امریکہ سے بھی ترقی میں آگے ہوتا۔ڈسٹرکٹ بارتقریب میں جنرل سیکرٹری عمران خان خاکوانی نے بھی خطاب کیا جبکہ سابق وائس چیئر مین پاکستان بار کونسل مرزا عزیز اکبر بیگ و دیگر بھی موجود تھے۔