• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنچ اور بار کے تعلقات مزید بہتر بنانا ضروری، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

لاہور (نمائندہ جنگ ) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے کہا ہے کہ بنچ اور بار کے تعلقات مزید بہتر بنانا ضروری ہے، چیف جسٹس محمد امیر بھٹی سے پاکستان بار کونسل کے ممبران اور لاہور بار ایسوسی ایشن کے وفود نے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔ ملاقات میں لاہور ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس ملک شہزاد احمد بھی موجود تھے۔پاکستان بار کونسل کے وفد کی قیادت بار کونسل کے وائس چیئرمین خوش دل خان کررہے تھے جبکہ وفد میں بار کونسل کے ممبران نسیم ولی، سید قلبِ حسین شاہ، حسن رضا پاشا، سید امجد علی شاہ، محمد احسن بھون، محمد اکرم خاکسار، مفتاح الرحمن چوہدری اور طاہر نصراللہ وڑائچ شامل تھے۔ پاکستان بار کونسل کے وفد نے فاضل چیف جسٹس کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور جلد اور معیاری انصاف کی فراہمی کے لئے فاضل چیف جسٹس کے ویژن کو سراہا۔ فاضل چیف جسٹس نے وفود سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ جلد انصاف کی فراہمی کے لئے بنچ اور بار کے تعلق کو مزید بہتر بنایا جائے، نوجوان وکلاءکی فلاح و بہبود کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں گے،انھوں نے کہا کہ جسٹس سسٹم کا بنیادی سٹیک ہولڈر عام سائل ہے، سائلین اور وکلاءکو ہر ممکن سہولتیں فراہم کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں۔قبل ازیں فاضل چیف جسٹس کے ساتھ لاہور بار ایسوسی ایشن کے صدرملک سرود احمد کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔ لاہور بار ایسوسی ایشن کے وفد نے چیف جسٹس محمد امیر بھٹی کو مبارکباد دی اور جلد و معیاری انصاف کی فراہمی کے لئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے اٹھائے جانے والے تمام اقدامات کی تائید کرتے ہوئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

تازہ ترین