اسلام آباد ( نامہ نگار)ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرئوف عالم نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کا ہائیڈرو پاور پوٹینشل پچاس ہزار میگاواٹ ہے جس سے نہ صرف میں توانائی بحران کا خاتمہ ممکن ہے بلکہ پاکستان بجلی برامد کرنے والے ممالک میں شامل ہو سکتا ہے۔ عبدالرئوف عالم نے یہ بات گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمان سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر جوہر علی راکی اور دیگر بھی موجود تھے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت اور نجی شعبہ گلگت بلتستان میں پن بجلی کے منصوبے لگانے میں دلچسپی لے۔صرف بونجی میں بجلی کے ایک سستے منصوبہ سے 7400 میگاواٹ بجلی حاصل کی جا سکتی ہے جسکے لئے پانی کے ذخیرے کی ضرورت بھی نہیں ہو گی۔اس موقع پر گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمان نے کہا کہ اقتصادی راہداری سے پاکستان کے ہر شہری کی زندگی پر مثبت اثرات مرتب ہونگے جبکہ گلگت بلتستان سرمایہ کاروں کی جنت بن جائے گا۔