بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے یش چوپڑا کی فلم ’ڈر‘ کرنے سے انکار کیا اور اس کے لیے شاہ رخ خان کو لینے کی تجویز دی، جس نے کنگ خان کےلیے کامیابی کے نئے دروازے کھول دیے۔
بھارتی میڈیا نے فلم کاسٹیوم ڈیزائنر شبینہ خان کے ایک انٹرویو کا حوالہ دیتے ہوئے بالی ووڈ کی کامیاب فلموں میں سے ایک ’ڈر‘ میں شاہ خان کے شمولیت کے حوالے سے بڑا انکشاف کیا ہے۔
شاہ رخ خان اور یش چوپڑا کی آن اسکرین پارٹنر شپ اور انڈسٹری کی حقیقی زندگی میں بہترین تعلقات کی ایک دنیا گواہ ہے، ایسے تعلق کا کوئی بھی دعویٰ نہیں کرسکتا۔
لیکن بہت کم لوگ ہیں جو جانتے ہیں کہ اس تعلق کا آغاز عامر خان کے انکار سے ہوا، یش چوپڑا ڈر میں شاہ رخ کے ادا کیے گئے کردار کے لیے پہلے عامر خان کو کاسٹ کرنا چاہتے تھے۔
شبینہ خان نے انٹرویو میں دعویٰ کیا کہ یش چوپڑا نے جب عامر خان کو فلم کی کہانی سنائی تو عامر خان نے فلم کرنے سے انکار کیا اور ساتھ ہی پروڈیوسر کو شاہ رخ کو فلم میں لینے کی تجویز دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عامر خان کو یقین تھا کہ 1993ء کی اس فلم میں شاہ رخ خان راہول کا کردار بہتر طور پر ادا کرسکتے ہیں، جو ایک لڑکی سے محبت کرتا ہے اور اپنے جذبات کی ترجمانی نہیں کرتا۔
شبینہ خان نے مزید کہا کہ یہ سلمان خان کی سالانہ عید ملن کا موقع تھا جب عامر خان اور شاہ رخ سمیت ہر کوئی شریک تھا، میں گوری خان، عامر اور شاہ رخ، بھائی جان کے گھر کے احاطے میں کھڑے تھے، ہم پارٹی سے جانے والے آخری لوگوں میں سے تھے، عامر نے اس موقع پر ایس آر کے کو فلم کی کہانی سے متعلق بتایا۔
کاسٹیوم ڈیزائنر نے مزید انکشاف کیا کہ عامر خان جو فلم کےلیے انکار کرچکے تھے، نے شاہ رخ کو فلم کی کہانی بتانے کے ساتھ کنگ خان کےلیے یش چوپڑا کو فون بھی کیا۔
یہ فلم ڈر ہی تھی جس میں ولن کا کردار ادا کرنے والے شاہ رخ خان یش چوپڑا کے ہیرو بن گئے، اس کے دو سال بعد دونوں نے’ دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘، 1997 میں ’دل تو پاگل ہے‘، 2000 میں’ محبتیں‘، 2004 میں’ ویر زارا‘، 2008 میں’ رب نے بنادی جوڑی‘ اور 2021 میں ’جب تک ہے جاں‘ جیسی شاہکار فلمیں ساتھ بنائیں۔