لوگوں کی چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے والی مزاحیہ اداکارہ بھارتی سنگھ نے اپنی زندگی کے تلخ باب سے پردہ اٹھادیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق لوگ نہیں جانتے کہ چہروں پر ہنسی لانے والی بھارتی سنگھ غربت میں پروان چڑھی ہیں۔
انہوں نے اپنے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ میں نے زندگی کے ابتدائی دنوں میں بہت غربت جھیلی ہے، میں نے نمک سے روٹی تک کھائی ہے۔
بھارتی سنگھ نے بتایا کہ میری والدہ جو دوسروں کے گھروں میں کھانا پکاتی تھیں لیکن ہم روٹی بھی نمک سے کھاتے تھے۔
اداکار منش پال کے ساتھ گفتگو میں ہنسی کی ملکہ کہلانے والی بھارتی سنگھ نے کہا کہ ایک وقت وہ بھی تھا جب گھر میں کھانے کو کچھ نہ ہوتا تھا، میرا خاندان آج بھی پرآسائش زندگی کا عادی نہیں ہے۔
مزاحیہ اداکارہ نے بتایا کہ میرا بھائی ایک دکا ن پر جبکہ والدہ اور بہن کمبل سینے کی فیکٹری میں کام کرتے تھے، اس کے ساتھ میری ماں لوگوں کے گھروں میں کھانا بھی پکاتی تھیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ کبھی کبھی تو گھر پر بھی کمبل سلتے تھے ایسے میں گھر جانے کو دل نہیں کرتا تھا، میں دوستوں کے ساتھ ہاسٹل میں ہی رک جاتی اور کھانا کھاتی، مجھے لگتا اگر گئی تو غربت کا سامنا کرنا پڑے گا، اس لیے یہاں مدھم روشنی میں رہوں۔