• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


پاکستان کی نامور اداکارہ نائلہ جعفری کراچی میں انتقال کر گئیں۔

بھائی عاطف جعفری نے نائلہ جعفری کے انتقال کی تصدیق کی اور بتایا کہ وہ طویل عرصے سے کینسر کے مہلک مرض میں مبتلا تھیں۔

عاطف جعفری نے مزید کہا کہ نائلہ جعفری کی نماز جنازہ آج بعد نماز عشاء ڈیفنس فیز 2 میں ادا کی جائے گی۔

بھائی عاطف جعفری نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی نامور اداکارہ کی تدفین کالا پل پر واقع آرمی قبرستان میں ہوگی۔

واضح رہے کہ اداکارہ نائلہ جعفری نے تھیٹر اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، انہوں نے ٹیلی ویژن کے بھی متعدد ڈراموں میں جاندار اداکاری سے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

نائلہ جعفری نے کیرئیر کی ابتدا ریڈیو سے کی اور 1990 میں ٹی وی پر اداکاری کا آغاز کیا۔

نائلہ جعفری کے مشہور ڈراموں میں ماں مجھ کو سلانا، عکس، اک کسک رہ گئی، دیسی گرلز اور تھوڑی سی خوشیاں شامل ہیں۔

نائلہ جعفری نے اشفاق احمد کے ڈرامے ’ایک محبت سو افسانے‘ میں بھی کام کیا۔ وہ فیشن ڈیزائنر بھی تھیں۔

یاد رہے کہ چند ماہ قبل نائلہ جعفری کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں انہوں نے ٹی وی مالکان، ڈراما سازوں اور مخیر حضرات سے مدد کی اپیل کی تھی۔

مدد کی اپیل کرنے کی ویڈیو میں نائلہ جعفری کو اسپتال کے بستر پر کسمپرسی کی حالت میں دیکھا جا سکتا تھا اور وہ مدد کی اپیل کرتے ہوئے آبدیدہ بھی ہوگئی تھیں۔

تازہ ترین