ڈیرہ غازی خان(نامہ نگار‘نمائندہ جنگ) پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بڑی کامیابی، لادی گینگ کا سرغنہ خدا بخش خدی پولیس مقابلے کے دوران ساتھی سمیت ہلاک ہو گیا، سرچ آپریشن کے دوران درجنوں وارداتوں میں مطلوب خدا بخش خدی نے ساتھیوں کے ہمراہ پولیس پر فائرنگ کی‘ دوران مقابلہ مارا گیا،تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے بدنام زمانہ لادی گینگ کے خلاف اس وقت آپریشن کے احکامات جاری کئے جب اس گینگ کے سرغنہ خدا بخش عرف خدی اوراس کے ساتھیوں نور محمد ،رمضان عرف رمزی نے ایک دیہاتی کو یرغمال بنا کر اس کے ہاتھ پائوں کاٹے ،قتل کیا اور اس انسانیت سوز واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر آپ لوڈ کر دی،،پولیس کی طرف سے آپریشن کی نگرانی ریجنل پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا کر رہے تھے، گزشتہ روز پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مشترکہ طور پر لادی گینگ کے خلاف سرچ آپریشن کر رہے تھے کہ تھانہ کوٹ مبارک کے قریب لادی گینگ کے سرغنہ نے اپنے کارندوں سمیت پولیس پر اپنی کمیں گاہ سے فائرنگ کر دی، جس پر پولیس مقابلہ شروع ہوا جس میں لادی گینگ کاسرغنہ خدا بخش خدی اپنے ساتھی سمیت ہلاک ہو گیا ‘ساتھی کی شناخت اسماعیل عرف بلال کے نام سے ہوئی۔