کراچی (نیوز ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت فیل ہوچکی، ملک اس طرح نہیں چل سکتا ہے، عوام کو مہنگائی، بے روزگاری دینے والے آزاد کشمیر میں صرف دھوکا دے سکتے ہیں۔ اسلام آباد سے جاری بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی سزا ختم ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بدترین کارکردگی دکھانے والے سمجھتے ہیں کشمیر کے عوام کو سب نظر نہیں آرہا ہے۔ ن لیگی صدر نے مزید کہا کہ حکومت نے آزاد کشمیر میں بدکلامی کے بعد نوٹ چلانے کی کوشش کی اور آخر میں گولی چلادی۔ اُن کا کہنا تھاکہ عوام کو مہنگائی، بے روزگاری دینے والے آزاد کشمیر میں صرف دھوکا دے سکتے ہیں۔ شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ مہنگائی، قرض، بے روزگاری، معاشی تباہی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر قیمتوں میں اضافہ حکومت کا تاریخی مہنگائی کا اعتراف ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوا تو حکومت نے اپنے زیر کنٹرول ادارے میں قیمتیں کیوں بڑھائیں؟