• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم اور بلاول نے آزاد کشمیر میں غیرسنجیدہ انتخابی مہم چلائی، فواد چوہدری


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا ہے کہ مریم اور بلاول نے آزاد کشمیر میں غیرسنجیدہ انتخابی مہم چلائی،ن لیگ کے رہنما سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ آزاد کشمیر کے الیکشن میں ایک وفاقی وزیر گالیاں نکال رہے ہیں، انہیں الیکشن کمیشن کے حکم پر کشمیر بدر کیا گیا لیکن وہ آج بھی کشمیر میں وزیراعظم کے ساتھ کھڑے تھے،وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ داسو واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اس میں چینی بھائیوں اور پاکستانیوں کی ہلاکت پر افسوس ہے، داسو واقعہ میں وہی عناصر ملوث ہیں جن کو سی پیک کھٹک رہا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ مریم اور بلاول نے آزاد کشمیر میں غیرسنجیدہ انتخابی مہم چلائی ہے،مریم نواز اور بلاول بھٹو کو آزاد کشمیر میں اپنے امیدواروں کے نام اور تعداد بھی معلوم نہیں،ان کو معلوم ہے یہ الیکشن ہار جائیں گے اس لئے پہلے ہی دھاندلی کا بیانیہ دے رہے ہیں،آزاد کشمیر میں 45نشستوں پر انتخابات ہورہے ہیں، آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی 8حلقوں میں جبکہ ن لیگ 14یا 15 حلقوں میں الیکشن لڑرہی ہے، پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جو آزاد کشمیر کے تمام حلقوں میں الیکشن لڑرہی ہے،تحریک انصاف واحد جماعت ہے جو پورے ملک میں الیکشن لڑتی ہے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کیلئے الیکشن لڑنے کیلئے امیدوار نہیں ہیں، اسی لئے اپوزیشن انتخابی اصلاحات کیلئے سنجیدہ نہیں ہے، مریم نواز اور بلاول بھٹو کی حیثیت کیا ہے؟ انہوں نے کیا کیا ہے؟بلاول کی آصف زرداری کا بیٹا ہونے اور مریم کی نواز شریف کی بیٹی ہونے کے علاوہ کوئی حیثیت نہیں ہے، مریم اور بلاول کا کوئی سیاسی قد نہیں ہے کہ تبصرہ کیا جائے،مریم نواز اور بلاول کبھی بازار نہیں گئے انہوں نے کبھی خریداری ہی نہیں کی،بلاول اور مریم کا عوام سے کیا تعلق ہے؟ ان کی پاکستان میں کیا سیاست ہے؟، مریم نواز اور بلاول بھٹو نے زندگی میں ایک روپیہ نہیں کمایا، ان کے والدین نے پاکستانی عوام کے پیسے لوٹ کر ان کیلئے جائیدادیں بنائیں، مریم اور بلاول کو پتا ہی نہیں پاکستان کے مسائل کیا ہے، دونوں کی تقریریں عمران خان دشمنی سے شروع ہو کر اسی پر ختم ہوجاتی ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ ملک میں جہاں پر مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے وہیں آمدنی میں بھی اضافہ ہوا ہے،زراعت کے شعبہ سے منسلک لوگوں کو 1100ارب روپے کی اضافی آمدنی ملی ہے، چینی کی قیمت بڑھی ہے تو کسانوں کو گنے کی قیمت بھی بہت اچھی ملی ہے، حکومت میں آئے تو گنے کی قیمت 135 روپے تھی جو اس وقت280روپے ہے، شہزاد اکبر نے انتظامی حوالے سے کیلکولیشن کر کے چینی کی قیمت کا تعین کیا ہے، آزاد کشمیر میں جتنے بھی جلسے ہوئے ہیں ایک سنجیدہ تقریر ہوئی ہے وہ عمران خان نے کی ہے۔ ن لیگ کے رہنما سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ن لیگ کے 44امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات اس حوالے سے جھوٹے نمبرز دیتے ہیں تو ان پر کیا بات کی جاسکتی ہے، آزاد کشمیر کے الیکشن میں ایک وفاقی وزیر گالیاں نکال رہے ہیں، انہیں الیکشن کمیشن کے حکم پر کشمیر بدر کیا گیا لیکن وہ آج بھی کشمیر میں وزیراعظم کے ساتھ کھڑے تھے، دو دن ن لیگ کے جلسے میں آنے والے قافلے پر پتھراؤ کیا گیا اور گولیاں چلائی گئیں۔ مصدق ملک کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ایمانداری سے انتخابات جیتے تو کس کو اعتراض ہوگا، ہزاروں کی تعداد میں لوگ ن لیگ کے جلسوں میں آرہے ہیں، ڈسکہ الیکشن میں جو کچھ ہوا وہ سب کے سامنے ہے، موجودہ حکومت کا دھاندلی کا پیٹرن ہے اس کے ساتھ جنگ کیسے کریں، عمران خان کا پتا نہیں کیا کاروبار ہے، عمران خان بغیر کاروبار کے پچیس سے تیس سال سے رہ رہے ہیں، وزیراعظم کا دنیا میں کوئی کاروبار نہیں مگر وہ 300کنال کے گھر میں رہتے ہیں، عمران خان بغیر کاروبار کے بلٹ پروف گاڑیوں میں سیر کرتے اور جہازوں میں سیر کرتے ہیں، عمران خان جب سے کرکٹ سے ریٹائر ہوئے تب سے ان کا کاروبار نہیں ہے۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ داسو واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اس میں چینی بھائیوں اور پاکستانیوں کی ہلاکت پر افسوس ہے، داسو واقعہ میں وہی عناصر ملوث ہیں جن کو سی پیک کھٹک رہا ہے،چین دوست ملک ہے ہر سطح تک جائیں گے اور ملزمان کا کھوج لگائیں گے، ایسے واقعات سے نہ چین نہ ہی پاکستان گھبراتا ہے، یہ واقعات پاک چین دوستی پر اثرانداز نہیں ہوں گے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین کے وزیرخارجہ سے ٹیلی فون پر اور دوشنبے میں بھی ملاقات ہوئی، وہاں طے ہوا تھا کہ عید کے بعد چین جاؤں گا،چین کے دورے میں دو طرفہ تعلقات ، افغانستان اور دیگر امور پر بات ہوگی۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی کے پیش نظر داسو واقعہ کی تحقیقات تک عارضی طور پر پراجیکٹ پر کام بند ہوا ہے،چین سے ہمیں کچھ نہیں چھپانا ان کا نقصان ہمارا نقصان ہے، پاکستان کے دشمن غیرملکی سرمایہ کاری اور سی پیک روکنے کیلئے ایسے ہتھکنڈے اپنائیں گے، افغان وزیرخارجہ اور افغان سفیر سے ہمارا رابطہ ہے، افغان سفیر کی بیٹی پر تشدد کیا گیا یا یہ اغوا تھا اس بارے میں تحقیقات جاری ہیں، افغان سفیر کی بیٹی ہماری بیٹیوں جیسی ہے، سفارتکاروں کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے اس سے غافل نہیں ہوسکتے، تحقیقاتی اداروں کی تحقیقات کے بعد فارن آفس اس پر کوئی بات کرے گا۔

تازہ ترین