• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عثمان بزدار لاہور کو خوبصورت نہیں بدبودار بنانے آئے ہیں: عظمیٰ بخاری

مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ عثمان بزدار لاہور کو خوبصورت نہیں بلکہ بدبودار بنانے آئے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے بیان پر ردّعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ لاہور آلودگی میں پہلے نمبر پر، گندگی میں پہلے نمبر اور مہنگائی میں بھی پہلے نمبر پر آگیا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ لاہور کے ساتھ سب سے بڑا مذاق بجٹ میں کیا گیا، لاہور کو عالمی معیار کا شہر بنانے کے لیے بجٹ میں صرف 50 لاکھ رکھے گئے، تونسہ کو خوبصورت بنانے کے لیے 50 کروڑ بجٹ آنے سے پہلے ہی خرچ ہو چکے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ بزدار حکومت اب غیر ملکی سربراہان اور وفود کو لاہور کی بجائے سیدھا تونسہ لیکر جائے گی۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان نے کہا کہ شہبازشریف نے لاہور کو عالمی معیار کا شہر بنایا تھا جبکہ عثمان بزدار نے لاہور کو کچرا کنڈی اور دنیا کا آلودہ ترین شہر بنادیا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کو عالمی تنہائی اور عثمان بزدار نے لاہور نوگو ایریا بنادیا، لاہور کے نام پر کھانےوالی جماعت اور لوٹ مار کرنے والے نے لاہوریوں کو جاہل اور گدھے قرار دیا ہے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ الیکشن میں ”لوٹا پارٹی“ کا لاہور سے مکمل صفایا ہوگا۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا تھا کہ ہم لاہور کے حُسن کو شعبدہ بازی کے بغیر چار چاند لگانے جارہے ہیں۔

تازہ ترین