شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی سابقہ اداکارہ رابی پیرزادہ نے عیدالاضحیٰ میں قربانی کیلئے بکرے کی جگہ گائے لینے کی وجہ بتا دی۔
انہوں نے کہا کہ گائے کی قربانی کر کے وہ زیادہ گھروں میں گوشت تقسیم کر سکیں گے۔
سابقہ گلوکارہ نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنی گائے کے ساتھ تصاویر میں لکھا ہے کہ ’کسی نے کہا کہ مسلمان بڑے ظالم ہیں، ہر عیدالاضحیٰ پر لاکھوں جانور مار کر کھا لیتے ہیں، تو جواب آیا پوری دنیا میں روز کئی ربسٹورنٹ اور بڑی بڑی فوڈ چینز والے جانور مار کر لوگوں کو مہنگے کھانے کھلاتے ہیں، مسلمان یہ جانور ذبح کر کے غریبوں کا پیٹ بھرتے ہیں، اسلام مکمل ضابطۂ حیات ہے۔ الحمد لِلّٰہ۔‘
انہوں نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں اپنے قربانی کے جانور سے متعلق لکھا ہے کہ ’میری گائے بہت مہنگی اور بڑی نہیں، اتنے پیسوں میں بڑا بکرا لے کر شو آف کرنے سے اچھا تھا میں گائے لے کر زیادہ گھروں تک گوشت بانٹ سکوں۔‘
رابی پیرزادہ نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’اللّٰہ تعالیٰ میری نیت اور میری قربانی قبول فرمائیں۔ آمین۔‘