ٹوکیو اولمپکس کے ہاکی ایونٹ میں تین پاکستانی کھلاڑی بھی گیم آپریشنز میں شامل ہیں۔
رواں ماہ 23 جولائی سے شروع ہونے والے ٹوکیو اولمپکس میں قومی ہاکی ٹیم تو نہیں لیکن تین ہاکی کھلاڑی ٹوکیو اولمپکس کا حصہ بنیں گے جن میں طاہر زمان، زاہد علی اور غلام غوث شامل ہیں۔
طاہر زمان، زاہد علی اور غلام غوث ہاکی مقابلے کے گیم آپریشنز میں معاونت کریں گے، تینوں کھلاڑیوں کو ایشین ہاکی فیڈریشن کی جانب سے خدمات انجام دینے کا موقع دیا گیا ہے۔
سابق کپتان طاہر زمان اولمپکس کھیل چکے ہیں جبکہ زاہد علی اور غلام غوث پہلی بار اولمپک کا حصہ بنیں گے۔
واضح رہے کہ ٹوکیو اولمپکس میں ہاکی مقابلے 24 جولائی سے شروع ہوں گے جبکہ پاکستان ہاکی ٹیم کوالیفائی نہیں کرسکی تھی۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ٹوکیو اولمپکس پہلے ہی ایک سال کی تاخیر کا شکار ہوچکا ہے۔
ٹوکیو اولمپکس 2020 کے کھیلوں کا آغاز رواں ماہ 23 جولائی سے کیا جائے گا۔