• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغان سفیر کی بیٹی کہاں کہاں گئی ہم نے سب پتا لگا لیا، آئی جی اسلام آباد


انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ سب پتہ چل گیا کہ افغان سفیر کی بیٹی گھر سے نکل کر کہاں کہاں گئی۔

اسلام آباد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور مشیر قومی سلامتی معید یوسف کے ہمراہ میں افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا کے معاملے پر میڈیا کو بریفنگ دی۔

آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ ہم نے 300 کیمروں کی 700 سے زائد گھنٹوں کی ویڈیوز کا جائزہ لیا اور 220 سے زائد افراد کے انٹرویوز کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ مکمل بلائنڈ کیس تھا، تحقیقات کے لیے اسلام آباد پولیس کی 5 ٹیمیں بنائی گئیں، 350 سے زائد جوان و افسران اس کسی پر کام کیا۔

آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ ہم نے افغان سفیر کی بیٹی کے پورے روٹ کا پتا لگالیا ہے اور تصدیق بھی کرلی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ سب پتہ چل گیا کہ افغان سفیر کی بیٹی گھر سے نکل کر کہاں کہاں گئی تاہم مزید تحقیقات کے لیے وزارت خارجہ سے مزید تعاون کی درخواست کی ہے۔

آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ پہلے ٹیکسی ڈرائیور نے تصدیق کی کہ وہ انہیں لے کر گیا، پھر ہم نے دوسری ٹیکسی کو بھی ٹریس کیا۔

انہوں نے کہا کہ افغان سفیر کی بیٹی ایف نائن پارک جانے سے پہلے ایف سکس آئیں، ڈرائیور نےتصدیق کی ہے کہ وہ انہیں کھڈا مارکیٹ سے لےکر راولپنڈی صدر لے گیا۔

آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ افغان سفیر کی بیٹی نے صدر سے پھر ایک اور ٹیکسی ہائر کی، ہم نے اس روٹ پر تمام کیمروں سے فوٹیج لے لی ہے۔

اُن کا کہنا تھاکہ افغان سفیر کی بیٹی صدر سے پھر دامن کوہ گئیں، ٹیکسی ڈرائیور اور اس کےمالک کو ٹریس کرلیا،یہ لوگ تصدیق کرتے ہیں کہ انہیں دامن کوہ چھوڑا۔

آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ ہم نے 3 دن کی محنت کے بعد افغان سفیر کی بیٹی کے پورے ٹریک کی نشاندہی کرلی ہے۔

تازہ ترین