• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی اپوزیشن لیڈرز کی جاسوسی پر انڈیا میں کھلبلی

کراچی (نیوز ڈیسک) اسرائیلی سافٹ ویئرکے ذریعے بھارتی اپوزیشن لیڈرز کی جاسوسی پر انڈیا میں بھی کھلبلی مچ گئی ،مودی حکومت کو بھی شدید تنقید کا سامنا ہے، کانگریس رہنما راہول گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم جانتے ہیں پیگاسس ویئر کے ذریعے وہ کیا پڑھ رہے ہیں؟، کانگریس نے راہل گاندھی سمیت اپوزیشن لیڈروں اور صحافیوں کی جاسوسی کروانے کو لے کر وزیر داخلہ امت شاہ کو برخاست کرنے کے ساتھ ہی پی ایم مودی کے خلاف جانچ کا بھی مطالبہ کیا ہے، انہوں نے بھارتی وزیر داخلہ امت شاہ کے استعفیٰ کا مطالبہ کردیاہے۔تفصیلات کے مطابق کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے اسرائیلی سافٹ ویئر پیگاسس کے ذریعے اپوزیشن لیڈرز، میڈیا اہل کاروں اور دیگر اہم افراد کے فون کی جاسوسی کے معاملے پر ایک طنزیہ ٹوئٹ کیا ہے۔پیگاسس پروجیکٹ کے حوالے سے راہول گاندھی نے اپنے 16 جولائی کے ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہم جانتے ہیں کہ وہ کیا پڑھ رہے ہیں، آپ کے فون پر موجود ہر چیز۔‘اس سے قبل 16 جولائی کو راہول گاندھی نے ٹوئٹ کیا تھا کہ میں حیران ہوں کہ تم لوگ ان دنوں آخر کیا پڑھ رہے ہو۔واضح رہے کہ ’دی وائر‘ نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ ملک کے کم از کم 40 صحافیوں کے فون نمبر لیک ہونے والی فہرست میں پائے گئے ہیں اور فورنسک جانچ سے جن کی تصدیق ہوئی ہے کہ یا تو ان نمبروں کی جاسوسی ہوئی یا انھیں ٹارگٹ کیا گیا، اور اس کے لیے اسرائیلی ہیکنگ سافٹ ویئر پیگاسس کا استعمال کیا گیا۔ادھر اسرائیلی ہیکنگ کا معاملہ دوسرا وکی لیکس بن گیا ہے، جہاں ہوش ربا انکشافات کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔اپوزیشن رہنما رندیپ سرجے والا کا کہنا ہے کہ جاسوسی کرنے کرانے کی بی جے پی کی پرانی تاریخ رہی ہے۔ اقتدار میں رہنے کے بعد بھی خوف ان پر اتنا حاوی ہے کہ اپوزیشن کے ساتھ ساتھ اپنے لوگوں کی بھی جاسوسی کروا رہے ہیں۔

تازہ ترین