• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضرورت ہوئی تو چاروں ٹیکسی ڈرائیورز میڈیا پر لے آؤں گا، شیخ رشید


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کسی ٹیکسی میں سفیر کی بیٹی کے ساتھ کوئی نہیں بیٹھا نہ ہی کوئی لڑائی ہوئی ضرورت ہوئی تو چاروں ٹیکسی ڈرائیوروں کو میڈیا پر لے آؤں گا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین کا پاکستان پر مکمل اعتماد ہے، ہم مل کر سی پیک کے دشمنوں کے ارادے ناکام بنائیں گے،ماہر معیشت محمد سہیل نے کہا کہ بجٹ اور وزیرخزانہ کا امپورٹس سے متعلق بیان دیکھیں تو لگتا ہے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ مزید بڑھے گا، جون میں 1.6ارب ڈالرز کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ چونکا دینے والا ہے، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ افغان سفیر کی بیٹی نے چار ٹیکسیوں میں سفر کیا اور ان سے خوش گئیں، انہوں نے چاروں ٹیکسی ڈرائیوروں کو ادائیگیاں کیں، دامن کوہ سے آخری ٹیکسی ڈرائیور کو انہوں نے 500روپے دیئے،کسی بھی ٹیکسی ڈرائیور نے ان کے ساتھ کسی کے بیٹھنے کی تصدیق نہیں کی ہے، تمام ڈرائیورز نے قرآن پر حلف اٹھا کر بات کی ہے۔ شیخ رشید نے بتایا کہ افغان سفیر کی بیٹی جرمنی سے سائبر کرائم پڑھی ہوئی ہیں، انہوں نے پہلے کہا فون حملہ آور لے گئے ہیں ، فوٹیج میں فون نظر آیا تو کہا میں بھول گئی تھی فون گھر پر تھا، افغان سفیر کی بیٹی کے فون کی فارنزک کی جارہی ہے،انہوں نے فون سے آئی کلاؤڈ سمیت سب کچھ ڈیلیٹ کر کے دیا ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ ساری فوٹیج ہمارے پاس ہے ہم نے تمام بندوں کی شناخت کرلی ہے، کسی ٹیکسی میں سفیر کی بیٹی کے ساتھ کوئی نہیں بیٹھا نہ ہی کوئی لڑائی ہوئی،تو وزیراعظم کی اجازت سے چاروں ٹیکسی ڈرائیوروں کو میڈیا پر لے آؤں گا،وزیراعظم نے دو دفعہ مجھے اس واقعہ کی مکمل تحقیقات کرنے ضرورت ہوئی کیلئے کہا، انویسٹی گیشن کر کے وزیرخارجہ اور فارن سیکرٹری کے حوالے کردی ہے، فارن آفس نے ضروری سمجھا تو یہ ڈاکومنٹری سارے سفارتکاروں کو بھی دکھاسکتے ہیں، اس کیس کو دنیا میں کیسے لڑنا ہے یہ فارن آفس کا کام ہے۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا کی تحقیقات جاری ہے کسی حتمی رائے کا اظہار نہیں کرسکتا، افغان سفیر سے تحقیقات کیلئے تعاون مانگا ہے، کافی حد تک بات کے قریب پہنچ چکے ہیں ، ان کے مزید تعاون سے معاملہ منطقی انجام تک پہنچائیں گے، افغان ہم منصب کو یقین دلایا پاکستان میں افغان سفیر کی بیٹی بالکل محفوظ ہے، افغان سفیر کی بیٹی ہماری بھی بیٹی ہے اسے مکمل تحفظ فراہم کریں گے، افغان ہم منصب سے سفیر کو واپس بلانے کے فیصلے پر نظرثانی کرنے کیلئے کہا ہے، دوحہ میں افغان امن مذاکرات چل رہے ہیں، اس مشکل صورتحال میں ہمیں انگیجمنٹ بڑھانی ہے منقطع نہیں کرنی ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ چین کا پاکستان پر مکمل اعتماد ہے، ہم مل کر سی پیک کے دشمنوں کے ارادے ناکام بنائیں گے، چین کی جانب سے ناراضی کا تاثر درست بات نہیں ہے،چین کے ہم منصب سے دوشنبے میں کہا ابھی کسی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہوگا، ابھی ابتدائی تحقیقات ہوئی ہے جیسے جیسے چیزیں آئیں گی چین کے ساتھ شیئر کریں گے۔ماہر معیشت محمد سہیل نے کہا کہ بجٹ اور وزیرخزانہ کا امپورٹس سے متعلق بیان دیکھیں تو لگتا ہے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ مزید بڑھے گا، جون میں 1.6ارب ڈالرز کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ چونکا دینے والا ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم کرنے کا آسان طریقہ قرضے لینا ہے، حکومت کو آئی ایم ایف سے تعلقات بہتر کرنے کی ضرورت ہے، روپیہ کمزور ہوجائے تو شاید امپورٹس میں کچھ کمی دیکھی جاسکے یہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم کرنے کا بھی ایک طریقہ ہوسکتا ہے، ڈیوٹی کم کرنے کی وجہ سے گاڑیوں کی قیمتیں کم ہوئیں لیکن ڈالر کی قیمت میں اضافہ جاری رہا تو گاڑیوں کی قیمتیں دوبارہ بڑھ جائیں گی جس سے گاڑیوں کی امپورٹ میں بھی کمی آئے گی۔

تازہ ترین