• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حیدرآباد: اوباش لڑکوں کے تنگ کرنے پر لڑکی کی خودکشی

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) پبن تھانے کی حدود میں مبینہ طورپر اوباش لڑکوں کے تنگ کرنے پر نوجوان لڑکی نے گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی ۔تفصیلات کے مطابق پبن تھانے کی حدود موری منگرکے علاقے میں 20سالہ کرشنا کماری دختر مومجی کولہی نے مبینہ طورپر پیر کو گھر میں گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی ‘اہل خانہ کی اطلاع پر پبن پولیس نے لاش تحویل میں لیکر سول اسپتال منتقل کردی ہے ۔اہل خانہ کا کہناہے کہ علاقے کے اوباش لڑکے کرشنا کماری کو تنگ کررہے تھے جس کی شکایت پولیس کو بھی کی تھی پولیس نے نامزد لڑکوں کو گرفتار کیاتھا لیکن بعدازاں بااثرشخص کے کہنے پر چھوڑ دیا تھاجس کے بعد سے انہوں نے کرشنا کماری کو دوبارہ تنگ کرنا شروع کردیاتھا جس کے بعد دلبرداشتہ ہوکر 20سالہ کرشنا کماری نے خودکشی کی ہے۔ دوسری جانب ایس ایچ او فرحان میمن کا کہناہے کہ علاقے کے رہائشی 2نوجوان جوکہ کرشنا کماری کے رشتہ دار بھی ہیں ان پر جنسی طورپر ہراساں کرنے کا الزام عائدکیاگیا تھا جس پر پولیس نے 15سالہ راہول ولد بھگت اورمکیش ولد رامجی کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی تھی تفتیش کے دوران پتہ چلا کہ دو لڑکوں کے والد اور خودکشی کرنے والی لڑکی کاوالد آپس میں کزن ہیں اوران کے درمیان رشتہ کے تنازعہ پر باہمی ناراضگیاں بھی ہیں۔شبہ ہے کہ کرشنا کماری نے گھریلو ناچاقی پر خودکشی کی ہے تاہم تفتیش جاری ہے۔

تازہ ترین