امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ کرپشن کےخاتمے کےلئے ملک میں مؤثر قانون سازی کی ضرورت ہے ،وہ اس حوالے سے قو می اسمبلی میں جلد ایک بل لائیں گےکہ جس میں دہشت گردی کی طرح کرپشن کوبھی بڑا جرم قراردیاجائے۔
یہ بات سراج الحق نے جماعت اسلامی کےزیراہتمام ضلع قلعہ سیف اللہ میں جلسہ عام سے خطاب میں کہی،ان کا کہناتھا کہ جس طرح دہشت گرد ہمارے بچوں کو مار رہے ہیں اور وہ بڑا جرم ہے اسی طرح کرپشن سے غریب عوام کا معاشی قتل ہورہاہے تو یہ بھی اتنا ہی بڑا جرم ہے جتنا کہ دہشت گردی۔
ان کا کہناتھا کہ غریب بچے ملک میں بھوک اور بیماری سے مررہے ہیں،لوگ غربت کی وجہ سے اپنے گردے فروخت کررہے ہیں،وہ چاہتے ہیں کہ قومی اسمبلی میں ایسا بل لایاجائے کہ جس میں کرپشن کو بھی دہشت گردی کی طرح جرم قراردیاجائے ۔
وہ اس قانون کو نہیں مانتے جو غریب کےلئےالگ اور امیر کےلئےالگ ہو،امیر جماعت اسلامی کا یہ بھی کہناتھا کہ پانامہ پیپرز میں بڑےبڑے تمام لوگوں کا احتساب ہوناچاہئے۔وزیراعظم نوازشریف کو پارلیمنٹ میں آکر اپنے بنک اکاونٹس کے بارے میں بتانا چاہئے۔
اپوزیشن کے ٹرمز آف ریفرنس کے حوالے سے سراج الحق کا کہناتھا کہ ہم نے جو ٹی او آر پیش کئےوہ عوام کامطالبات ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں سب کااحتساب ہو،موجودہ حکمران احتساب سےراہ فرار اختیار نہ کریں۔
اس موقع پر انہوں نے سیاسی جماعتوں سے کہا کہ وہ اپنی صفوں میں تمام کرپٹ افراد کو باہرنکال دیں،انہوں نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ عوام کی طاقت سے ملک سےکرپشن کاخاتمہ کریں گے،بلوچستان میں کرپشن کےحوالے سے ان کا کہناتھا کہ کرپشن کرنےوالوں نے غریب عوام کا پیسہ لوٹا ہے، اگر صحیح احتساب ہوا تو موجودہ اورسابق سب حکمران جیل جائیں گے۔