• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کی چوتھی لہر نے عید الاضحی کی رونقوں کو پھیکا کردیا ہے۔ ہر طرف خوف کی فضا ہے، چوتھی بار بھی ایسا ہورہا ہے کہ عید پر کوئی فلم سنیما گھروں کی زینت نہیں بنے گی، جس کی وجہ سے فلم انڈسٹری سے وابستہ ہنر منبد اور سنیما گھروں کے مالکان میں شدید مایوسی پھیلی ہوئی ہے۔ سنیما گھروں میں مسلسل تالے لگے ہوئے ہیں۔

ایسا لگ رہا ہے کہ زندگی کا ایکشن ری پلے ہورہا ہے۔ 2020ء میں بھی عیدالاضحی پر شدید بارشیں اور اور کورونا وائرس نے تباہی مچائی ہوئی تھی اور اب 2021ء میں بھی چوتھی لہر نے عید کی رونقوں کو بے رنگ اور پھیکا کردیا ہے۔ تھیٹر پربھی پابندی ہوگی، البتہ ٹیلی ویژن اسکرین پر زبردست ہنگامہ ہوگا۔ ناظرین، سنیما گھروں کے بجائے اپنے گھروں میں بیٹھ کر چھوٹی اسکرین پر فلمیں دیکھیں گے اور انجوائے کریں گے۔

ایک سے بڑھ کر ایک دل چسپ پروگرام، ڈرامے اور مزاحیہ سیاسی شوز بھی پیش کیے جائیں گے۔ البتہ تھیٹر سے وابستہ فن کاروں نے ان دنوں سخت مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ حکومت نے بھی تھیٹر سے روزی کمانے والوں کے لیے کچھ نہیں کیا۔ ماضی میں عیدین پر زبردست اسٹیج ڈرامے پیش کیے جاتے تھے، جس کی وجہ سے فن کاروں کی آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ ہوتا تھا۔ مگر اب سب طرف سنّاٹا ہے اور اب اداسی نے ڈیرے ڈال دیئے ہیں۔

لاک ڈائون کی وجہ سے عام ثقافتی سرگرمیاں معطل کردی گئی ہیں۔ پاکستان میں شوبز انڈسٹری کا کیا ہوگا، موجودہ صورتِ حال میں کوئی کچھ نہیں کہہ سکتا۔ حکومتی سطح پر بھی کسی قسم کی کوئی مدد نہیں کی جارہی۔ سنیما کھلنے کے امکانات دور دور تک نظر نہیں آرہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان شوبزنس کا ٹائی ٹینک ڈوبتا نظر آرہا ہے۔ تاہم اس مایوس کن صورت حال میں اچھی بات یہ ہے کہ ٹیلی ویژن انڈسٹری پروان چڑھ رہی ہے۔ اس طرف سے اچھی خبریں آرہی ہیں۔ عالمی شہرت یافتہ موسیقار عدنان سمیع کے صاحب زادے اذان سمیع خان نے موسیقی کے بعد اداکاری کے میدان میں بھی قدم رکھ دیا ہے۔

وہ نئی نسل کی صفِ اوّل کی فن کارہ یمنیٰ زیدی اور سجل علی کے مدّمقابل چھوٹی اسکرین پر بطور ہیرو اداکاری کرتے دکھائی دیں گے۔ گزشتہ عید الفطر پراذان سمیع خان صفِ اول کی اداکارہ ماہرہ خان کے ساتھ اپنے ایک گانے کی ویڈیو میں پرفارم کرتے نظر آئےتھے۔ دوسری جانب موسیقی کے دنیا کی معروف اداکارہ حدیقہ کیانی نے بھی اداکاری کے میدان میں قدم رکھ دیا ہے۔ وہ نئی نسل کے مقبول اداکار علی عباس کے ساتھ ٹی وی ڈرامے میں نظر آئیں گی۔ بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم کے گانے کی ویڈیو میں ناظرین سجل علی کو بھی دیکھیں گے۔

علاوہ ازیں ماہرہ خان، فواد خان اور مہوش حیات کی بھی چھوٹی اسکرین پر واپسی ہورہی ہے۔ پاکستان شوبزنس انڈسٹری سے وابستہ فن کاروں، ہنر مندوں، گلوکاروں اور اسٹیج کے آرٹسٹوں نے مارچ 2020سے جولائی 2021 تک مشکل وقت گزارا ہے۔ البتہ ڈراما انڈسٹری سے وابستہ فن کاروں اور ہنر مندوں کا کام تو تھوڑا بہت چلتا رہا، لیکن فلم اور تھیٹر اور فیشن انڈسٹری سے منسلک فن کاروں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ خاص طور پر روزانہ اجرت پرکام کرنے والے میک اپ آرٹسٹ، سائونڈ آپریٹر، آرٹسٹ کوآرڈی نیٹر کو مالی بحران کا سامنا ہے اور ابھی تک ان کے حالات نہیں بدلے۔ گزشتہ عیدالفطر پر بھی وہ بے روزگار رہے اور اسی وجہ سےعید سادگی سے منائی۔

کل عیدالاضحی ہے۔ کورونا وائرس کے سائے میں یہ دوسری عیدالاضحی ہوگی اور اس موقع پر ہمیں صفائی کاخاص خیال رکھنا ہوگا۔ ہم نے برسات کے موسم میں عیدالاضحی کی آمداور کورونا کی چوتھی لہر کی تباہ کاریوں کے بارے میں فلم، ٹیلی ویژن، اسٹیج اور موسیقی سے وابستہ چند فن کاروں سے بات چیت کی۔

ان کا یہی کہنا تھا کہ حکومت کی خصوصی ہدایات پر تمام پاکستانی عید سادگی سے منائیں، کیوںکہ گزشتہ عیدالفطر کے موقع پر شہریوں نے ایس او پیزکاخاص خیال نہیں رکھا تھا، اس لیےعید کے بعد اسپتالوں میں جگہ کم پڑ گئی تھی۔ اگر ہم نے احتیاط نہ کی تو عیدالاضحی کے بعد کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے مزید پھیلنے کاخدشہ ہے۔ نئی نسل کے معروف اداکار احسن خان کا کہناتھا کہ اس بار شہریوں کی اہم ذمے داری ہے کہ وہ ویکسین لگوائیں، کیوں کہ عیدالاضحی کورونا کی چھوتی لہر اور برسات کے موسم کے ساتھ آرہی ہے۔ بارش کے موسم میں گندگی سے کورونا مزید بڑھ سکتا ہے۔

قربانی کے جانوروں کی آلائش کو ہر جگہ نہ پھینکیں۔ قدرت کی طرف سے قربانی کا حکم ہے ،تو دوسری جانب صفائی کو بھی نصف ایمان کہا گیا ہے۔ یہ بات ہمیں بھولنا نہیں چاہیے۔ ہم خود بھی کہیں نہ کہیں غلط ہیں ،سب سے پہلے ہمیں خود کو صحیح کرنا ہوگا اور دوسروں کا خاص خیال رکھنا ہوگا۔ میں عیدالاضحی لاہور میں منائوں گا اور گائے اور بکرا قربانی کروں گا۔ میں کراچی میں رہتا ہوں، لیکن میرا سسرال اور سب گھر والے لاہور میں ہیں۔ بچے لاہور میں جاکر اپنے کزن وغیرہ سے مل کر خوش ہوتے ہیں۔

صدارتی ایوارڈ یافتہ سینئر اداکار توقیر ناصر کا کہنا تھا کہ کورونا جانوروں سے زیادہ پھیلتا ہے یہ جانوروں کی بیماری ہے، جہاں تک قربانی کے جانور کا تعلق ہےتوجانور میرے بچے اپنی پسند سے لاتے ہیں اور وہ اچھی طرح دیکھ بھال کرلاتے ہیں۔ نامور ماڈل اور ٹیلی ویژن کی جانی پہچانی ادارہ ژالے سرحدی نے بتایا کہ جب میں امی کے گھر ہوتی تھی تو میرے والدین فلاحی اداروں کو قربانی کا جانور دے دیتے تھے۔

شادی کے بعد گائے اور بکرے کی قربانی کرتے ہیں ،لیکن وہ گھر میں نہیں ،بلکہ دہلی کالونی میں ایک جگہ ہے ، وہیں سب کرتے ہیں۔ اس مرتبہ میں اپنے مداحوں سے درخواست کروں گی کہ ہم کورونا سمیت دیگر بیماریوں میں مبتلا ہیں، اس وجہ سے سڑکوںپر صفائی کا خاص خیال رکھیں۔ آلائشیں صحیح جگہ ٹھکانے لگائیں۔ٹیلی ویژن ڈراموں کے مقبول اداکار ایوب کھوسہ نے بتایا کہ کورونا کی وجہ سے کوئٹہ میں ہوں ۔ حکومت نے اس کورونا کو سیاسی کھیل بنایا لیا ہے،جس کی وجہ سے ہزاروں لوگوں کا کاروبار ختم ہوگیا ہے،اس کی وجہ سے ملک میں بے روزگاری کا ایک نیا سلسلہ شروع ہوگیا۔

عیدالاضحی کوئٹہ ہی میں گزاروں گا۔ ہم قربانی کا جانور سال بھر پالتے ہیں اور پھر اس کی قربانی کرتے ہیں ، حکومت سےدرخواست کروں گا کہ وہ فن کاروں کا خیال کرے اور انہیں مالی سپورٹ کریں۔ پوری دنیا میں فن کاروں کی مدد کی جارہی ہے۔‘‘ تیزی سے ابھرتی ہوئی خوب صورت اداکارہ اشنا شاہ کا کہنا ہےکہ عیدالاضحی ہمیں ایثار اور قربانی کادرس دیتی ہے۔ تیزی سے ابھرتی ہوئی اداکارہ یمنیٰ زیدی نے بتایا کہ جانوروں کی خریداری کے وقت ایس او پیز کا خاص خیال رکھیں۔ ‘‘میکال ذوالفقار، ہمایوں سعید، عدنان صدیقی، ایاز خان اور فیصل قاضی کا کہنا تھا کہ معاشی صورت حال بہت خراب ہوگئی ہے۔ اپنے اردگرد کے لوگوں کا خاص خیال رکھیں، بہت جلد ہم پھر سے پررونق عیدیں گزاریں گے، ابھی سادگی ضروری ہے۔

معروف اداکار شہریار منورکا کہنا ہے کہ کورونا نے سب کام روک دیے ہیں ،فلم انڈسٹری تو بہت بری صورتِ حال سے گزر رہی ہیں۔ کراچی کی بارش میں عیدالاضحی آرہی ہے، اپنے پیاروں کا خاص خیال رکھیں۔ فلم سپر اسٹار کے ہیرو بلال اشرف نے بتایا کہ میں اض کل بہت خوش ہوں، مجھے اسٹائل ایوارڈ ملا ہے۔عید کا موقع ہے، ہم اپنے اردگرد کے غریبوں کا خیال لازمی رکھیں، قربانی کا گوشت زیادہ سے زیادہ ضرورت مندوں میں تقسیم کریں۔

مہوش حیات، ماہرہ خان، مایا علی، کبری خان، عائشہ عمر،صدف کنول، امر خان اور ہانیہ عامر کا کہنا تھا کہ یہ وقت بھی گزر جائے گا تھوڑا سا اور صبر کرلیں ،صورت حال بہتری کی جانب گامزن ہے ،سب ٹھیک ہوجائے گا۔ فن کار تو حساس ہوتا ہے، اگر کسی کو تکلیف ہوتی ہے، تو سب سے زیادہ فکر فن کار برادری کو ہوجاتی ہے۔ کورونا کی وجہ سے فلموں کی شوٹنگز وغیرہ سب رُک گئی تھیں، ایک دو ماہ بعد صورت حال بہتر ہوتے ہی ہم سب ساتھ ہوں گے ، پھر سے فلمیں ریلیز ہوں گی، پریمیئرز ہوں گے اور آپ کے ساتھ سفیلفیاں بنائیں گے۔

برصغیر کے عالمی شہرت یافتہ گائیک استاد راحت فتح علی خان نے بتایا کہ میں نےکورونا اور لاک ڈائون کے دوران سب سے زیادہ اپنے مداخوں کو یاد کیا ،تخلیقی کام کو وقت کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے اس لیے کورونا کی وجہ سے ملنے والی فرصت میں بھی کئی نئے گیت تیار کیے۔ عیدالاضحی پر آپ چاہنے والوں سے درخواست کروں گا کہ فاصلہ رکھیں، ویکسین لازمی لگوائیں، میں نے بھی ویکسین لگوئی ہے۔ عید پر سماجی فاصلہ رکھیں، دور سےسلام دُعا کریں، ہمیں اپنی جان کی حفاظت کرنی ہے۔ نئی نسل کے نامورگلوکار علی ظفر کا کہنا ہے کہ میں نے جو فائونڈیشن بنائی ہے، اس کے تحت غریبوں میں قربانی کا گوشت تقسیم کریں گے۔

گلوکارہ کومل رضوی نے بتایا کہ میں امریکا میں ہوں اور اپنی فیملی کو یاد کررہی ہوں۔ کورونا کی وجہ سے ہر روز فیملی ڈے ہوگیا ہے۔ میں نے عیدالفطر پر چار سو بیوہ خواتین میں دو ماہ کا راشن تقسیم کیا میری زندگی میں چیریٹی کا مقصد اہمیت ہے۔۔ہم سب کو یہ یاد رکھنا چاہیے کہ گھپ اندھیرے میں بھی امید کی ایک روشن کرن رہتی ہے۔

حالات پھر سے بہتر ہوں گے، عید کی خوشیاں واپس لوٹیں گی۔ ہر طرف گہما گہمی ہوگی۔ فی الحال ہمیں اپنی زندگیوں کو محفوظ رکھنے کے لیے احتیاط کی ضرورت ہے۔ کورونا کی چوتھی لہر سے بچنے کے لیے ایس او پیز کا خیال رکھیں، ماسک کا استعمال کریں اور ویکسین لازمی لگوائیں، ورنہ ایسا نہ ہو کہ ہمارے ملک میں بھی بھارت جیسے حالات ہوجائیں۔

تازہ ترین
تازہ ترین