• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راج کندرا کی گرفتاری پر شلپا شیٹی کی بہن کا ردّعمل

بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا کی فحش فلمیں بنانے کے الزام میں گرفتاری پر اُن کی بہن اداکارہ شمیتا شیٹی کا ردّعمل سامنے آگیا ہے۔

شمیتا شیٹی نے فوٹو اینڈ ویڈیو ایپ انسٹا گرام پر اپنی بڑی بہن شلپا شیٹی کی نئی فلم ’ہنگامہ 2‘ کا پوسٹر شیئر کیا ہے، جوکہ اسٹریمنگ سروس ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار پر ریلیز کی گئی ہے۔


انہوں نے فلم کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے شلپا شیٹی کی 14 سال بعد فلم ’ہنگامہ 2‘  کے ساتھ اسکرین پر واپسی کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں جانتی ہوں کہ آپ نے اور پوری ٹیم نے اس کے لیے بہت محنت کی، میں آپ سے محبت کرتی ہوں اور ہمیشہ آپ کے ساتھ ہوں۔‘

شمیتا شیٹی نے بہن کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ زندگی میں بہت سارے اتار چڑھاؤ سے گزری ہیں اور ایک چیز جو میں یقینی طور پر جانتی ہوں وہ یہ کہ آپ ہمیشہ مضبوط رہی ہیں لہٰذا یہ وقت بھی گزر جائے گا۔‘

اس سے قبل اداکارہ شلپا شیٹی نے بھی اپنے مداحوں سے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر فلم ’ہنگامہ 2‘  دیکھنے کی درخواست کی تھی۔


انہوں نے لکھا تھا کہ ’میں یوگا کی تعلیمات پر یقین رکھتی ہوں اور ان پر عمل کرتی ہوں کیونکہ وہ واحد جگہ ہے جہاں زندگی کے موجودہ لمحات ہیں۔‘

بالی ووڈ اداکارہ نے لکھا تھا کہ ’ہنگامہ 2 کے لیے پوری ٹیم کی جدوجہد شامل ہے جس نے ایک اچھی فلم بنانے کے لیے بہت محنت کی ہے اور فلم کو کبھی بھی نقصان نہیں پہنچنا چاہیے۔‘

انہوں نےعوام سے اپیل کرتے ہوئے لکھا کہ  ’لہٰذا، آج آپ سب سے گزارش ہے کہ آپ اپنے گھر والوں کے ساتھ ہنگامہ 2 دیکھیں، اپنے چہرے پر مسکراہٹ لانے کے لیے اور فلم سے وابستہ ہر ایک فرد کی خاطر، شکریہ۔‘

واضح رہے کہ اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا سمیت دیگر 11 لوگوں کو فحش فلمیں بنانے اور پھر موبائل ایپس پر پھیلانے کے سبب گزشتہ دنوں گرفتار کیا گیا ہے، بھارتی پولیس کے مطابق راج کندرا کم سے کم دو برس سے فحش فلموں کا کام کر رہے تھے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید