• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

باورچی خانہ کیلئے ٹائلز کے دلکش انداز منتخب کریں

ویسے تو گھر کا ہر حصہ ہی ایک خاص اہمیت رکھتا ہے لیکن کچھ حصے لازم و ملزوم ہوتے ہیں۔ باورچی خانہ کا شمار بھی گھر کے ایسے حصوں میں ہوتا ہے جن کے بنا گھر کا تصور ہی نہیں کیا جاسکتا۔ یہاں کھانے پینے کی اشیا رکھی ہونے کی وجہ سے گھر کے ہر فرد کا آنا جانا لگا رہتا ہے۔ ایسے میں اس کا سہولیات سے آراستہ، کام کے لیے موافق اور خوبصورت ہونا کافی اہمیت اختیار کرجاتا ہے۔ 

خوبصورت اور صاف باورچی خانہ کام کے دوران ذہن کو تازگی اور اعصاب کو سکون فراہم کرتاہے جبکہ بدنما، بغیر کسی ترتیب اور نظم و ضبط والا باورچی خانہ مزاج پرمنفی اثر ڈالتا ہے، ساتھ ہی کام میں دشواری اور تھکن کا احساس دلاتا ہے۔ یہی وجہ ہےکہ گھر کی تعمیر میں باورچی خانہ کے ڈیزائن او ر اس میں استعمال کیے جانے والے مٹیریل پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔

باورچی خانہ کی دیواروں کی آرائش کے لیے سنگ مرمر، گرینائٹ ، چپس اور سیمنٹ کا استعمال قدیم طرز تعمیر کی عکاسی کرتے ہیں جبکہ ان کے لیے ہلکا سبز، آف وائٹ، سنہری، لائٹ براؤن اور آسمانی رنگ کا انتخاب بہتر رہتا ہے۔ آجکل باورچی خانہ کی آرائش میں مختلف دھاتوں کا استعمال بھی فروغ پا رہا ہے۔ کاپر اور اسٹین لیس اسٹیل سے بنا کاؤنٹر نہ صرف باورچی خانہ کو خوش نما بنا دیتا ہے بلکہ اس کی صفائی بھی آسان ہے ۔ اگر آپ باورچی خانہ کو جدید انداز دینا چاہتے ہیں تو کاپر یا اسٹین لیس اسٹیل سے بنے کاؤنٹر کے ساتھ اسے شوخ رنگ والی ٹائلوں سے مزین کرنے کے بارے میں سوچیں۔

باورچی خانہ میں ٹائلیں لگانا جدت کو ظاہر کرتا ہے اور ان کی صفائی بھی قدرے آسان ہوتی ہے۔ یہ ایسی دیواروں کے لیے بہترین تصور کی جاتی ہیں، جہاں پانی، کھانے کے نشانات اور تیل کے داغ لگنے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں، اس کی بنیادی وجہ ان کا صفائی میں آسان ہونا ہے۔ کھانا پکانے کے دوران سنگ مرمر یاسرامک کی ٹائلز پر داغ لگ بھی جائیں تو تمام گندگی ذرا سے پانی اور صابن کے ذریعے بآسانی صاف کی جاسکتی ہے۔ 

اگر آپ اپنے گھر کے باورچی خانہ کی تعمیر یا تشکیل نو کا ارادہ رکھتے ہیں تو ٹائلز کے انتخاب میں عمدہ ذوق کا مظاہر ہ کیجئے تاکہ آپ کا باورچی خانہ دکھنے میں خوبصورت اور وہاں کام کرنا بوجھ نہ لگے۔ آجکل شوخ رنگوں کے استعمال کا رجحان زور پکڑ گیا ہے، باورچی خانہ میں آپ کائونٹر کے لیے میرون، سرخ یا برائون رنگ کی ٹائلز کا انتخاب کرسکتے ہیںیا پھرایسے رنگ کی ٹائلزجو باورچی خانہ کی سجاوٹ اور انداز کے ساتھ میل کھاتی ہوں۔

دیواروں پر آدھے حصے میں ٹائلز اور بقیہ حصے پر رنگ کروائیں، تاکہ رنگوں کے امتزاج سے باورچی خانہ خوبصورت دکھائی دے۔ یاد رکھیں کہ رنگ اور پرنٹ مرکزی کردار اداکرتے ہیں، جنہیں کبھی نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ کچن کی دیوار کے لیے بہت سی کٹائو، رنگوں اور اسٹائل والی ٹائلز دستیاب ہیں۔ 

ڈائیگونل ٹائلز مخروطی ڈیزائن والی ہوتی ہیں مگر اپنے ڈیزائن کی وجہ سے یہ قدرے مہنگی ہوتی ہیں۔ لیزر کٹ ٹائلز کا ڈیزائن اور پیٹرن پیچیدہ ہوتا ہے، جس کی وجہ سے انہیں لیزرکٹ ٹیکنالوجی کی مدد سے کاٹا جاتاہے اور یہ قدرے مہنگی ہوتی ہیں۔ سب وے ٹائل زیادہ تر سب وے اسٹیشنز میں استعمال ہوتی ہیں۔ یہ کلاسک اور صاف ستھر ا انداز دیتی ہیں۔

مارکیٹ میں دستیاب چینی کے ٹکڑوں کا درست چناؤ کر کےبھی باورچی خانہ کو پر وقار بنایا جاسکتا ہے۔ آجکل چینی کی ٹائلز کافی عام ہو چکی ہیں اور ان کی قیمت باقی ٹائلز کی طرح بہت زیادہ نہیں ہے۔ صفائی میں آسان ہونے کے ساتھ ساتھ ان کا ایک اور فائدہ یہ بھی ہے کہ یہ دکھنے میں دلکش لگتی ہیں جبکہ ان کی ہموار سطح بھی معیاری ہوتی ہے۔ چینی کی ٹائلیں دیہی اندازاور شہری سجاوٹ کے رجحان کے مطابق لگائی جا سکتی ہیں، لیکن اس کے لیے بھی آپ کو ان کی شکل، نمونہ اور رنگ سوچ سمجھ کر چننا ہو گا۔ 

اس ضمن میں آپ کسی ماہر پیشہ ور کی خدمات بھی حاصل کرسکتے ہیں کیونکہ انہیں معلوم ہوتا ہے کہ مارکیٹ میں بہترین انتخاب کون سا ہے۔ اگر کوئی ڈیزائن یا پیٹرن آپ کے ذہن میں نہ ہو تو اس حوالے سے انٹرنیٹ سے بھی مدد لی جاسکتی ہے، جہاں باورچی خانہ کے لیے ٹائلز کے سینکڑوں ڈیزائن اور دلکش انداز موجود ہیں۔ آپ ان میں سے کوئی بھی ایک پُرکشش انداز اپنے باورچی خانہ میں آزما سکتے ہیں۔

زیادہ تر باورچی خانوں میں آپ سفید ٹائلیں دیکھیں گے، جن کے جوڑ گہرے سرمئی ہوتے ہیں۔ یہ ڈیزائن سادہ ہے اور ہر کوئی اسے پسند نہیں کرتا۔ خوش قسمتی سے اب ٹائلیں کئی مختلف اور دلچسپ ڈیزائنز میں دستیاب ہیں۔ لہٰذا، آپ اپنی پسند کے مطابق رنگین اور منفرد نمونے چُن سکتے ہیں۔ مگر ٹائلیں باورچی خانہ کے مجموعی ماحول کے ساتھ جچنی چاہئیں تاکہ ہم آہنگی قائم ہوسکے۔ ٹائلوں کو مزید دیرپا بنانے کے لیے ان پر پالش کی جانی چاہیے۔ ٹائلوں والا فرش پانی اور حرارت کا اثر نہیں لیتا اور نہ ہی گھر میں استعمال ہونے والے کیمیکلز سے خراب ہوتا ہے۔ اس کا ایک اور فائدہ یہ ہے کہ یہ فرشی حرارت کا نظام نصب کرنے کے لیے بہترین ہے۔

تازہ ترین