• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علماء بورڈ، علماء کونسل کا محرم میں امن و امان کیلئے ضابطہ اخلاق جاری

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ علماء بورڈ اور پاکستان علماءکونسل نے حافظ طاہر محمود اشرفی کی زیرصدارت محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کیلئے پیغام پاکستان کی روشنی میں ضابطہ اخلاق جاری کردیا۔ ضابطہ اخلاق کو پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق کا نام دیا گیاہے۔ لاہور میں متحدہ علماء بورڈ کے آفس سیرت اکیڈمی قرآن کمپلیکس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان علماء کونسل و نمائندہ خصوصی وزیراعظم برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ طاہر اشرفی نے کہا کہ محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کیلئے متحدہ علماء بورڈ کا وفد 27 جولائی سے راولپنڈی سے دورے کا آغاز کررہا ہے ، پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو ہر سطح پر یقینی بنانے کی کوشش کرینگے۔ تمام مسالک کے علماء و مشائخ اورمفتیان انتہاپسندانہ سوچ اورشدت پسندی کو مکمل مسترد کرتے اورمسلح افواج وسلامتی کے اداروں کی ملک وقوم کیلئے قربانیوں اورجدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔ پاکستان میں امن وامان کا قیام ،افغانستان اورمسئلہ کشمیر مشترکہ مسائل ہیں۔ سیاسی جماعتوں کوسیاسی مفادات کیلئے ایسا کام نہیں کرنا چاہیے جس سے دشمن کو تقویت ملے ۔

تازہ ترین