• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عید قربان، پروفیشنل بھکاری گوشت سستے داموں فروخت کرتے رہے

راولپنڈی (خبر نگار خصوصی )عید قربان کے تینوں روز پروفیشنل بھکاریوں نے گلی محلوں اور گھر گھر جا کر قربانی کا گوشت اکٹھا کیا اور فوارہ چوک میں سستے داموں فروخت کرتے رہے۔فوارہ چوک میں عارضی منڈی بنا کر یہ بھکاری چھوٹا اور بڑا گوشت مارکیٹ سےسستے داموں فروخت کرتے رہے ۔ فوارہ چوک ،گنجمنڈی روڈ، راجہ بازار، کشمیری بازار اور لیاقت روڈ پر ان پروفیشنل بھکاریوں کی جانب سے عارضی منڈیاں لگائی گئیں جن میں گھروں سے مانگ کر لایا جانے والا گوشت فروخت کیا گیا۔ان منڈیوں میں بھکاریوں نے چھوٹا گوشت850 اور بڑا گوشت 400 روپے کلو فروخت کیاجبکہ کوڑے کے ڈرموں اور کچرے میں پھینکی جانے والی جانوروں کی اوجڑیاں بھی صاف کر کے فروخت کی گئیں۔یہ پروفیشنل بھکاری قربانی کے بعد گلی محلوں اور کچرے میں پھینکی جانے والی جانوروں کی اوجڑیاں چن کر نالہ کے پاس لاتے اور نالہ کےپانی سے صاف کر کے فروخت کرتے رہے۔ شہر بھر کے چھوٹے ہوٹل اور ڈھابوں والوں نے یہ چھوٹا بڑا گوشت اور یہ اوجڑیاں سستے داموں خریدیں۔ان پروفیشنل بھکاریوں کی فیملی کا ایک فرد یہاں گوشت فروخت کرتا اور باقی گھر والے جن میں بچے، مرد اور خواتین شامل تھیں وہ گھر گھر جا کر گوشت مانگ کر لاتے رہے۔
تازہ ترین