آزاد کشمیر میں انتخابات کے لیے پولنگ کے وقت کا آغاز ہوگیا، پولنگ شام 5 تک کسی وقفے کے بغیر جاری رہے گی۔
آزاد کشمیر کے 45 حلقوں میں تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔
الیکشن کمیشن کے حکم پر انتخابی عمل کے دوران حساس پولنگ اسٹیشنوں پر فوج تعینات کردی گئی ہے۔ 40 ہزار پولیس اہلکار الیکشن ڈیوٹی انجام دیں گے۔
آزاد کشمیر کے 45 حلقوں میں اپنے نمائندوں کے انتخاب کے لیے 32 لاکھ سے زائد ووٹر حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
پاکستان بھر میں رہنے والے 4 لاکھ 5 ہزار 253 کشمیری ووٹر بھی آزاد کشمیر اسمبلی کے لیے اپنے من پسند امیدواروں کو ووٹ ڈالیں گے۔