گڑھی خیرو (نامہ نگار) شاگرد اتحاد گڑھی خیرو کی جانب سے شہید بینظیر بھٹو لائبریری کا کام مکمل نہ ہونے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ریلی، بیگاری پل پر دھرنا، رپورٹ کے مطابق شاگرد اتحاد گڑھی خیرو کی جانب سے شہید بینظیر بھٹو لائبریری کا کام گذشتہ چھ سال سے مکمل نہ ہونے اور فنکشنل نہ کیئے جانے کے خلاف پنج گلی چوک سے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ریلی نکالی، ریلی کے شرکاء شہر کے مختلف راستوں ہوتے ہوئے بیگاری کینال پل پر پہنچے جہاں پر مظاہرین نے دھرنا دیا، رہنماؤں عرض محمد لہر، حنیف رئیسانی، سلیم کھنڈ اور مرکزی رہنما سندھی شاگرد تحریک نوید عباس کلہوڑو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گڑھی خیرو کے عوام جدید دور میں بھی تمام تر بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں، چھ سال قبل سندھ حکومت کی جانب سے عوامی مطالبے پر گڑھی خیرو میں شہید بینظیر بھٹو لائبریری قائم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، لیکن چھ سال گذر جانے کے باوجود ٹھیکیدار لائبریری کا کام ادھورا چھوڑ کر غائب ہو گیا ہے، لائبریری کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے یہاں کے طلبہ اور کمیشن کے امتحانات کی تیاری کرنے والے نوجوانوں کو مطالعے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ذرائع کے مطابق فرضی ریکارڈ میں لائبریری فنکشنل ہے اور مقرر ملازمین گھر بیٹھے تنخواہ بٹورنے میں مصروف ہیں، مگر حقیقت اس کے مکمل برعکس ہے، انہوں نے وزیر محکمہ ثقافت و آثار قدیمہ سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا نوٹس لیکر شہید بینظیر بھٹو لائبریری گڑھی خیرو کو فوری طور پر فنکشنل کرکے طلبہ کو علمی سرگرمیوں کے لیے مناسب سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، بصورت دیگر لائبریری فنکشنل ہونے تک احتجاجی تحریک کا سلسلہ جاری رہے گا۔