• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے 4 بڑے اسپتال کورونا مریضوں سے بھر گئے، شرح 24.82، مجموعی اموات 45 ریکارڈ

کراچی، اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر، جنگ نیوز، خبرایجنسیاں) کراچی کے 4بڑے اسپتال کورونا مریضوں سے بھر گئے، شرح 24.82 ریکارڈ،گزشتہ روز ملک میں مجموعی اموات 45 ریکارڈ کی گئیں،جس کے بعد کورونا سے جاں بحق ہونےوالوںکی تعداد23ہزار سے تجاوز کرگئی۔

سربراہ این سی او سی کاکہناہےکہ اگست تک بڑے شہروں کی40فیصد آبادی کی ویکسی نیشن کا ہدف ہے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا کہ اتوار کو شہر کراچی میں 7783 ٹیسٹ کئے گئےجس میں سے 1932 مریضوں کی تصدیق ہوئی جس کے لحاظ سے مثبت کیسز کی شرح 24.82ریکارڈ کی گئی۔

صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 19 مریض انتقال کر گئے جبکہ 2343 کیسز رپورٹ ہوئے اور 799 افراد صحتیاب ہوئے، صوبے میں کورونا مثبت شرح 12.7 ریکارڈ ہوئی،فعال کیسز37ہزار657 تک پہنچ گئے، 1024 کی حالت تشویشناک ہے۔

77 مریضوں کو انتہائی نگہداشت کے ساتھ وینٹی لیٹرز پر منتقل کیا گیا ہے،2343 نئے کورونا وائرس کے کیسز میں 1932 کراچی شہر سے رپورٹ ہوئے ہیں ،کیسز میں اضافےکے باعث کراچی کے اسپتالوں پر شدید دباؤ ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق کورونا مریضوں کی تعدادجون2021 کے مقابلے میں ریکارڈ سطح پر ہے،کراچی کے4 بڑے اسپتال کورونا مریضوں سے بھر چکے ہیں ،کورونا مریضوں کی بڑھتی تعداد کا سبب بھارتی قسم ڈیلٹا ہے۔

ادھر ملک بھر میں کورونا سے مزید 45 افراد انتقال کر گئے جبکہ 2819 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ،ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 6.32 رہی، ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 23016ہو گئی ہے اور مجموعی کیسز 10 لاکھ 4 ہزار 694 تک جاپہنچے ہیں، فعال کیسز کی تعداد 55720 ہوگئی۔

علاوہ ازیں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے اگست کے اختتام تک 40 فیصد آبادی کی کورونا ویکسی نیشن کا ہدف مقرر کردیا،سربراہ این سی او سی اسد عمر نے بتایا ہے کہ اب تک کی جانے والی کل ویکسین ڈھائی کروڑ سے بھی تجاوز کر گئی ہے ، یوں کورونا ویکسین لگوانے والوں کی کل تعداد اب 2 کروڑ کو عبور کر چکی ہے۔

تازہ ترین