چمن(نورزمان اچکزئی) افغانستان کے جنوب سرحدی ضلع اسپین بولدک پر طالبان قبضے کے بعد چمن کیساتھ پاکستان اور افغانستان کے مابین مرکزی گزرگاہ باب دوستی پر دوطرفہ تجارتی سرگرمیاں بحال کردی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر ضلع جمعہ داد مندوخیل کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے مابین آمدورفت کا مرکزی گزرگاہ باب دوستی دو ہفتوں سے بند ہونے کے بعد پیر کو دوبارہ تجارتی سرگرمیوں کےلئے کھول دیا گیا ہے اس سلسلے میں پیر کو امپورٹ،ایکسپورٹ کے ٹرک بڑی تعداد میں پاکستان اور افغانستان میں داخل ہونا شروع ہوئے جبکہ افغانستان میں پھنسے بڑی تعداد میں خالی پاکستانی ٹرک باب دوستی سے پاکستان واپس آگئے اسی طرح پاکستان سے بڑی تعداد میں ایکسپورٹ کے ٹرک افغانستان چلے گئے جبکہ افغانستان سائڈ پر طالبان کے زیر کنٹرول باب دوستی پر تعینات طالبان حکام کیساتھ باہمی مشاورت کے تناظر میں ایک دوسرے ممالک میں پھنسے پاکستانی اور افغان شہریوں کو پیدل آمد ورفت کی اجازت دید ی گئی۔