راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے)پاکستان میٹرو بس پراجیکٹ اہل راولپنڈی کیلئے زحمت بن چکا ہے۔ایلیویٹڈ ٹریک سے پانی ٹپکنے کے علاوہ رات کو مری روڈ پراندھیرے سے شہریوں کو شدید مشکلات ہیں۔سابق کمشنر راولپنڈی ڈویژن زاہد سعید روزانہ کی بنیاد پر منصوبے کے حوالےسے پیدا ہونے والے معاملات کا جائزہ لیا کرتے تھے۔ان کے چیف سیکرٹری پنجاب بننے کے بعد منصوبہ کی دیکھ بھال متاثر ہوئی ہے۔منصوبہ کے کئی معاملات ابھی نامکمل ہیں۔جبکہ منصوبہ کے فنکشنل ہونے کے بعد سے پیدا ہونے والے مسائل بھی حل نہیں ہورہے ہیں۔جس سے راولپنڈی کے شہری اذیت کا شکار ہیں۔جن کی داد رسی نہیں ہورہی ہے۔اہل راولپنڈی نے چیف سیکرٹری پنجاب سے اپیل کی ہے کہ ان کی دادرسی کیلئے کسی ایسے افسر کو منصوبہ کی دیکھ بھال پر لگایا جائے جو اہل راولپنڈی کے مسائل بھی سمجھے اور ان کو حل کرنے کی بھی کوشش کرے۔اور نامکمل منصوبہ کومکمل کرائے۔