کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائیکورٹ کا خورشید شاہ کی ضمانت سے متعلق بڑا فیصلہ سامنے آگیا، ضمانت ایک بار پھر مسترد، عدالت نے تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو اور جسٹس فہیم احمد صدیقی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے خورشید شاہ کی ضمانت سے متعلق محفوظ فیصلہ سنادیا۔ عدالت نے جیالے رہنما خورشید شاہ کی ضمانت پھر مسترد کردی۔ عدالت نے تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ عدالت میںفیصلے میں ضمانت سے متعلق اہم آبزوریشن دیتے ہوئے کہا کہ حیران کن ہے، خورشید شاہ ایک دن بھی جیل کے اندر نہیں رہے۔خورشید شاہ کے سب جیل میں رہنا ہمارے نظام پر سوالیہ نشان ہے۔ 9 نومبر 2019 کو خورشید شاہ کا عدالتی ریمانڈ ہوا۔ اسی روز سندھ حکومت نے این آئی وی ڈی سکھر کو سب جیل قرار دے دیا۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ خورشید شاہ سب جیل میں نارمل زندگی گزار رہے ہیں۔ خورشید شاہ کے وکیل نے کسی بیماری سے زندگی کو خطرے سے متعلق دلائل نہیں دیئے۔ مطلب، خورشید شاہ سب جیل میں تمام سہولیات لے رہے ہیں۔ سیاسی اثر ورسوخ استعمال کرتے ہوئے تمام سہولیات لی جا رہی ہیں۔ تحریری فیصلے میں عدالت نے ٹرائل کورٹ کو 6 ماہ میں کیس مکمل کرنے کا حکم دیدیا۔