• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالی ووڈ میں بہت سیاست ہے: اعجاز خان

بھارت کے معروف رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 14 کے مضبوط اُمیدوار اور اداکار اعجاز خان نے بالی ووڈ میں کام نہ ملنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ہر جگہ کی طرح بالی ووڈ میں بھی بہت سیاست ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اعجاز خان نے حال ہی میں ایک پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُن سے سوال کیا گیا کہ ’بالی ووڈ میں ہونے والی سیاست کی وجہ سے آپ کو زیادہ کام نہیں مل سکا؟‘

سوال کا جواب دیتے ہوئے اعجاز خان نے کہا کہ ’سیاست ہر جگہ ہوتی ہے پھر چاہے وہ گھر ہو یا کوئی شعبہ، اور بالی ووڈ میں بھی بہت سیاست ہے لیکن میری نظر میں یہ بُری بات نہیں ہے۔‘

اعجاز خان نے کہا کہ ’اکثر انسان خود میں اس قدر کھو جاتا ہے کہ اُسے کوئی کردار اپنانے میں کافی مشکل پیش آتی ہے اور میں بھی اعجاز خان میں پھنس گیا ہوں جس کی وجہ سے مجھے کوئی کردار اپنایا نہیں گیا۔‘

اداکار کے جواب سے ہی سوال نکالتے ہوئے میزبان نے پوچھا کہ ’آپ کو اعجاز خان میں پھنسنے کی وجہ سے بالی ووڈ میں زیادہ کام نہیں مل سکا یا پھر آپ بھی دیگر اداکاروں کی طرح سیاست کا شکار ہوگئے؟‘

اعجاز خان نے کہا کہ ’مجھے سمجھ نہیں آتا کہ لوگ سیاست کیوں کرتے ہیں، اور رہی بات کام کی تو مجھے کسی کی سیاست سے کوئی فرق نہیں پڑتا اور نہ میرے پاس ان سب کے لیے وقت ہے۔‘

واضح رہے کہ اعجاز خان کی فلموں میں ’تنو ویڈز منو‘، ’جسٹ میریڈ‘، ’کچھ نہ کہو‘ اور ’میں نے دِل تجھ کو دیا‘ شامل ہیں، اس کے علاوہ وہ کئی بھارتی ڈراموں میں بھی کام کرچکے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید