• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرمی چیف سے سعودی وزیرِ خارجہ کی ملاقات


پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے ملاقات کی ہے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کیئے گئے اعلامیئے میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، افغان امن عمل اور خطے کی سلامتی کی صورتِ حال پر بات چیت ہوئی، علاقائی امن اور رابطے کے لیے باہمی تعاون پر تبادلہ ٔ خیال بھی کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے گفتگو میں پاکستان کو غیر متزلزل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات اخوت اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ دونوں ممالک امن اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

آئی ایس پی آر کا یہ بھی کہنا ہےکہ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان اور اس کی مسلح افواج کے لیے حمایت پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

تازہ ترین