• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طالبان نے اقتدار پر قبضہ کیا تو افغانستان’’اچھوت ریاست‘‘بن جائے گا، امریکا، افغان صدر کی مذاکرات کی پیشکش

نئی دہلی،کابل(اےایف پی، جنگ نیوز) امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ اگر طالبان بزور طاقت افغانستان میں اقتدار پر قابض ہوئے اور عوام کے حقوق کا احترام نہ کیا تو افغانستان ’’اچھوت ریاست‘‘ بن جائے گا،حالیہ ہفتوں میں طالبان کی کارروائیوں کے دوران ’مظالم‘ کی اطلاعات تشویش ناک ہیں۔

دوسری جانب افغان صدر اشرف غنی نےطالبان کو براہ راست مذاکرات کی پیش کش کرتے ہوئے کہاکہ افغان عوام کو مستقبل کا فیصلہ خود کرنا چاہیے ۔

غیرملکی خبر رساں ادارےکے مطابق بدھ کو بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ ’ایسا افغانستان جو اپنے عوام کے حقوق کا احترام نہ کرےاور جو اپنے عوام پر مظالم کریگاتو ایسا ملک ’’اچھوت ریاست‘‘بن جائیگا، حالیہ ہفتوں میں طالبان کی کارروائیوں کے دوران ’مظالم‘ کی اطلاعات تشویش ناک ہیں۔

ایسی اطلاعات طالبان کی ملک کے حوالے سے نیت کا کوئی اچھا تاثر پیش نہیں کرتیں،امریکا بہت حد تک افغانستان میں افغان حکومت کی مدد میں مصروف عمل رہے گا اور ہم مختلف شعبوں میں مدد فراہم کر رہے ہیں جن میں سکیورٹی فورسز کی مدد بھی شامل ہے۔

اس کے علاوہ ہم افغانستان میں بامعنی مذاکرات اور تنازع کے پر امن حل کے لیے فریقین کے ساتھ سفارتی کوششوں میں بھی شامل رہیں گے۔ امریکی وزیر خارجہ کے مطابق طالبان کا کہنا ہے کہ وہ بین الااقوامی طور پر قبولیت چاہتے ہیں اور افغانستان کے لیے عالمی حمایت کے خواہاں ہیں۔

تازہ ترین